امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلبیت علیہم السّلام محرابپور سندھ پاکستان کے مرکزی صدر عاشق حسین سہتو نے شہید سید حسن نصر اللہؒ کی پہلی برسی کے موقع پر کہا کہ آج ہم اس مردِ مجاہد کی پہلی برسی منا رہے ہیں، جس نے اپنے خون سے امتِ مسلمہ کے دلوں میں مزاحمت کی شمع روشن کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید حسن نصر اللہ ایک ایسا چراغ تھے، جو ظلمتوں میں امید کا نور بنے۔ انہوں نے اپنی قوم کو باعزت زندگی گزارنے کا حوصلہ دیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ عزت، غیرت اور استقلال کے بغیر زندگی کی کوئی وقعت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید سید مقاومت کی شخصیت میں ہمیں امام حسینؑ کی تعلیمات کا عکس نظر آتا ہے۔ جس طرح کربلا میں امام حسینؑ نے یزید کے ظلم کے خلاف قیام کیا اور فرمایا "ہیہات منا الذلہ"، اسی طرح شہید نصر اللہ نے بھی دنیا کے ظالم نظاموں کو للکارا اور کبھی ظلم کے سامنے جھکنے کو تیار نہ ہوئے۔
محترم عاشق حسین سہتو نے مزید کہا کہ شہید حسن نصر اللہ کی قیادت میں حزب اللہ نے جو کامیابیاں حاصل کیں، وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر ایک قوم حق پر ڈٹ جائے تو کوئی باطل قوت اسے شکست نہیں دے سکتی۔ ان کی استقامت اور جرات نے دنیا بھر کے مظلومین کو حوصلہ دیا۔ آج فلسطین سے لے کر کشمیر تک ہر حریت پسند دل، شہید نصر اللہ کے جذبۂ مقاومت سے تقویت حاصل کرتا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ شہید سید مقاومت صرف لبنان یا حزب اللہ کے رہنما نہیں تھے، بلکہ وہ پوری امت کے رہبر اور امید کے چراغ تھے۔ ان کی فکر اور مشن زندہ ہے اور یہ مشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک دنیا سے ظلم کا خاتمہ اور عدل کا قیام نہیں ہو جاتا۔
انہوں مزید کہا کہ ہم سب کو مل کر شہید نصراللّٰه کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ ہمیں اپنی زندگیوں میں ان کی سیرت کو اپنانا ہے، مظلوموں کا سہارا بننا ہے، اور امام حسینؑ کے اس پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہے کہ ہم ذلت کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات کو بلند فرمائے اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا کرے۔