بسم الله الرّحمن الرّحیم
و صلّی الله علی محمّد و آله الطّاهرین
نماز کانفرنس ملک کی سب سے بابرکت اور مفید اجتماعات میں سے ایک ہے، اور جس دن یہ اجلاس منعقد ہوتا ہے وہ سال کے مبارک ترین دنوں میں سے ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نماز اسلامی فرائض میں سب سے نمایاں اور زندگی بخش فریضہ ہے۔
نماز جب اپنے آداب جیسے خشوع اور دل کی وابستگی کے ساتھ ادا کی جاتی ہے تو دل کو سکون، ارادے کو مضبوطی، ایمان کو گہرائی اور امید کو تازگی عطا کرتی ہے۔ انسان کی دنیا اور آخرت کا انجام ایسے ہی دل، ایسے ہی ارادے، ایسے ہی ایمان اور ایسی ہی امید پر منحصر ہے۔ اسی لیے قرآن اور دیگر دینی متون میں نماز کی تاکید سب سے زیادہ کی گئی ہے، اور اسی لیے اذان میں اعلان کیا جاتا ہے کہ نماز تمام کاموں سے بہتر ہے۔
والدین، پھر اساتذہ اور دوست احباب، اور اس کے بعد نماز سے متعلقہ قوانین اور عادات، سب نماز کے پھیلاؤ اور اس پر عمل پیرا ہونے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
دینی تبلیغ کے ادارے، علما اور تمام دیندار افراد اسے اپنی قطعی ذمہ داری سمجھیں اور جدید ذرائع اور ترغیبات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نماز کی تعلیم، اس کے فروغ اور نماز کے باطنی لطائف کی وضاحت کریں، اور ہر مسلمان کی دنیوی و اخروی ضرورت کو نماز کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کریں۔
ضروری ہے کہ جناب آقای قرائتی کا شکریہ ادا کیا جائے جنہوں نے اس بابرکت پودے کو لگایا اور اسے یہاں تک پہنچایا۔
والسّلام علیکم و رحمةالله
سید علی خامنهای