جنوبی لبنان کو صیہونی دشمن کا قبرستان بنا دیں گے، سید حسن نصراللہ

جنوبی لبنان کو صیہونی دشمن کا قبرستان بنا دیں گے، سید حسن نصراللہ

صیہونی جرائم کے مقابلے میں غزہ کے دفاع پر زور

اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے آج بروز بدھ 17 جولائی 2024ء لبنان میں دس محرم الحرام یوم عاشورا کی مناسبت سے لاکھوں عزداروں کے اجتماع میں ویڈیو خطاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا: "وہ جو ہمیں غاصب صیہونی رژیم سے تعلقات معمول پر لانے کا کہتے ہیں ان کے جواب میں وہی بات کریں گے جو امام حسین علیہ السلام نے روز عاشورا کی تھی یعنی ھیہات من الذلہ۔" سید حسن نصراللہ نے مزید کہا: "وہ جو ہمیں کہتے ہیں مظلوموں اور غزہ میں ظلم و ستم کا شکار انسانوں کی حمایت سے پیچھے ہٹ جائیں اور ہمیں جنگ سے ڈراتے ہیں ہم انہیں کہیں گے کہ امام حسین علیہ السلام نے فرمایا تھا: اس حرام زادے (یزید) اور حرام زادے کے بیٹے نے مجھے دو چیزوں میں سے ایک کا انتخاب کرنے کا کہا ہے، تلوار یا ذلت قبول کرنا۔ اور ھیہات من الذلہ۔"

 

صیہونی جرائم کے مقابلے میں غزہ کے دفاع پر زور

حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے کہا: "ہم یہاں اس لئے ہیں تاکہ فلسطین اور مظلوم غزہ اور مغربی کنارے اور ملت لبنان کا دفاع کریں۔ ہم 8 اکتوبر (2023ء) سے ایک مختلف نوعیت کی جنگ میں داخل ہو چکے ہیں اور طوفان الاقصی آپریشن کی پشت پناہی کیلئے محاذ کھول رکھا ہے چونکہ یہ آپریشن اور جنگ، امت مسلمہ کی جنگ ہے۔ ہمارے علاوہ یمن اور عراق میں بھی (اہل غزہ کی) پشت پناہی کے محاذ کھل چکے ہیں اور شام اور ایران بھی اس جنگ میں اسلامی مزاحمت کی مدد کر رہے ہیں۔" سید حسن نصراللہ نے کہا: "غاصب صیہونی رژیم نے اپنی تشکیل سے لے کر آج تک پہلی بار زندگی کے بدترین دن دیکھے ہیں اور اس رژیم میں پہلی بار ماضی میں دو معبد تباہ ہو جانے کے بعد تیسرے معبد کے تباہ ہونے کی باتیں شروع ہو گئی ہیں۔ یہ پہلی بار ہے کہ "اسرائیل" مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور عام انسانوں کا قتل عام کر کے اپنی اس شکست پر پردہ ڈالنے کی کوشش میں مصروف ہے۔"

 

یمن نے ایلات بندرگاہ کا محاصرہ کر کے اسے دیوالیہ کر دیا ہے

حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے کہا: "یمن نے کامیابی سے ایلات بندرگاہ کا محاصرہ کیا اور (غاصب صیہونی رژیم) اپنی اس بندرگاہ کے دیوالیہ ہو جانے کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔ اس بندرگاہ میں ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات 200 سے 300 فیصد بڑھ گئے ہیں اور اس کے صیہونی رژیم کیلئے انتہائی خطرناک نتائج ظاہر ہوں گے۔" سید حسن نصراللہ نے مزید کہا: "اسرائیل پہلی بار اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس کے سیکورٹی ادارے اور کابینہ اور سیاسی جماعتیں سخت مشکل میں پھنس چکے ہیں۔ مقبوضہ فلسطین سے آبادکاروں کا ملک چھوڑ کر چلے جانے کی شرح میں اضافہ، یہودی آبادکاروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہو جانا اور ان کا وہاں رہنے یا چھوڑ کر چلے جانے میں مردد ہو جانا نیز دنیا والوں کی اس رژیم کے بارے میں نگاہ تبدیل ہو جانا، یہ سب اسلامی مزاحمت اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہے۔"

 

جنوبی لبنان صیہونی ٹینکوں کا قبرستان بن جائے گا

سید حسن نصراللہ نے صیہونی حکمرانوں کو مخاطب قرار دیتے ہوئے کہا: "اگر تم نے اپنے ٹینک جنوبی لبنان بھیجے اور فوجی جارحیت کا ارادہ کیا تو جان لو ایسی صورت میں تمہیں ٹینکوں کی قلت پیش نہیں آئے گی کیونکہ سرے سے تمہارے لئے کوئی ٹینک ہی باقی نہیں بچے گا اور ہم ان سب ٹینکوں کو جنوبی لبنان میں تباہ کر دیں گے۔" حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے امت مسلمہ اور دنیا کے تمام بیدار ضمیر اور حریت پسند انسانوں پر زور دیا کہ وہ غزہ، اہل غزہ اور اسلامی مزاحمت کے حق میں آواز بلند کریں اور کہا: "ہم ملت فلسطین سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسلامی مزاحمت کے شانہ بشانہ ایسی جنگ میں جو نہ صرف فلسطین بلکہ پورے خطے اور دنیا کیلئے فیصلہ کن ثابت ہو گی، اپنے اندر وحدت برقرار رکھیں۔" سید حسن نصراللہ نے غاصب صیہونی رژیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا: "جب تک غزہ میں تمہارے مجرمانہ اقدامات جاری ہیں لبنان میں ہمارا محاذ کھلا رہے گا اور اسلامی مزاحمت ہر ممکنہ صورت میں جاری رہے گی۔"

ای میل کریں