قرآن مجید کی بے حرمتی، اسلامی مقدسات پر حملہ ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

قرآن مجید کی بے حرمتی، اسلامی مقدسات پر حملہ ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے تسلسل کے ساتھ یورپی ممالک کی طرف سے اسلام پر حملے جاری ہیں اور دین مبین سے نفرت کا اظہار کیا جا رہا ہے

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کو اسلامی مقدسات پر حملہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی ادارے الہامی کتب اور انبیاء علیہم السلام کی توہین کے سلسلے کوروکنے کے لئے اقدامات کریں۔

 

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے تسلسل کے ساتھ یورپی ممالک کی طرف سے اسلام پر حملے جاری ہیں اور دین مبین سے نفرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ایسے اشتعال انگیز واقعات کسی بھی مسلم ملک کے لئے ناقابل برداشت ہیں ۔میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا قرآن مجید، اللہ تعالیٰ کا کلام اور اخری الہامی کتاب ہے۔ قرآن کی حفاظت ،اللہ تعالیٰ نے خود اپنے ذمے لی ہے۔ قران مجید کتاب الٰہی ہے ،جس سے ہدایت کے چشمے پھوٹتے ہیں۔یہ کتاب مقدس ،صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں بسنے والے انسانوں کے لئے کتاب ہدایت ہے مگر افسوس کچھ بدبخت اسلام سے نفرت کی بنیاد پر ہمارے مقدسات کی توہین کرکے عالمی امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ قرآن مجید کی توہین ناقابل برداشت ہے۔ ہم اپنی جانوں پر کھیل کرکے قران کی حفاظت کریں گے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ مسلمان پر امن قوم ہے اور امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ۔کسی مذہب کے مقدسات کی توہین نہیں کرتے ، اسی طرح ہم دوسروں سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ ہمارے مقدسات کا احترام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سید المرسلین حضرت رسول خدا کے کارٹونز بنائے گئے ، اسلام سے نفرت کے طور پر ”یوم قرآن جلاؤ“ منایا گیا اور افسوسناک بات یہ ہے کہ یہ سب واقعات آزادی اظہار رائے کے نام پر یورپ میں رونما ہوئے ۔توہین آمیز واقعات قابل برداشت نہیں ۔کسی کی دل آزاری ، آزادی نہیں ذہنی غلامی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی اداروں کو قرآن مجید کی بے حرمتی کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔ مسلم ممالک کو معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرنے کی بجائے ، باعزت سخت رویہ اپنانا چاہیے اور دنیا پر واضح کرنا چاہیے کہ ہم اپنے مقدسات کی توہین برداشت نہیں کر سکتے

ای میل کریں