عالمی میڈیا میں انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ کی کوریج

عالمی میڈیا میں انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ کی کوریج

صہیونی میڈیا آئی 24 نیوز نے رپورٹ دی کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ایرانی عوام نے "مرگ بر امریکہ"، "مرگ بر اسرائیل" اور "مرگ بر انگلستان" کے نعرے لگائے

عالمی میڈیا میں انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ کی کوریج

 

اسلام ٹائمز۔ دنیا کے مختلف ذرائع ابلاغ نے انقلاب اسلامی کی 44ویں سالگرہ کی تقریبات میں ایرانی عوام کی پرجوش شرکت کو رپورٹ کیا اور کوریج دی۔ اس حوالے سے روسی نیوز ایجنسی "اسپوٹینک" نے انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ پر نکلنے والی ریلیوں کی تصاویر جاری کیں اور لکھا کہ "عماد" بیلسٹک میزائل اور "شاہد 136" ڈرون کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر تہران کے آزادی اسکوائر میں آویزاں کیا گیا۔ عرب میڈیا "المیادین" نے بھی گیارہ فروری کی مناسبت سے نکلنے والی ریلیوں کی لائیو کوریج کی۔ اسی مناسبت سے المیادین نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر لکھا کہ ایران میں انقلاب اسلامی کی 44ویں سالگرہ پر نکلنے والی ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت کا کیا راز ہے۔؟ نیز چینی سفارت کار نے مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے ایران اور چین کے درمیان پائیدار دوستی جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

 

فرانس نیوز کے رپورٹر نے لکھا کہ گذشتہ دو سالوں میں کورونا کی وجہ سے 1979ء میں آنے والے انقلاب کی سالگرہ پر کار اور موٹر سائیکل ریلی نکالی جاتی تھی، لیکن اس سال سردی کے باوجود لوگوں کی ایک کثیر تعداد ہاتھوں میں جھنڈے لے کر پیدل تہران کے آزادی اسکوائر جمع ہوئے۔ جہاں انہوں نے "امریکہ مردہ باد"، "اسرائیل مردہ باد"، "انگلستان مردہ باد" اور "غدار آل سعود مردہ باد" کے نعرے لگائے۔ اس رپورٹ کے مطابق ریلی کے شرکاء نے حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور شہید قاسم سلیمانی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ اس کے علاوہ "ہم آخر تک کھڑے رہیں گے"، "متحد، مضبوط اور مستحکم ایران" اور "ہم رہبر کے پیرو ہیں" جیسے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آزادی اسکوائر کے گرد سجیل میزائل اور شاہد 136 ڈرون کی نمائش کی گئی۔

 

صہیونی میڈیا آئی 24 نیوز نے رپورٹ دی کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ایرانی عوام نے "مرگ بر امریکہ"، "مرگ بر اسرائیل" اور "مرگ بر انگلستان" کے نعرے لگائے، جبکہ "متحد، مضبوط اور مستحکم ایران" کی حمایت کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ ایران کے تیار کردہ سجیل میزائل اور شاہد 136 ڈرون کو آزادی اسکوائر پر نمائش کے لئے نصب کر دیا۔ یمن کے نیوز چینل "المسیرہ" کے تہران میں موجود نمائندے نے ایک رپورٹ میں لکھا کہ تہران اور ایران کے دیگر 1400 شہروں میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور انقلاب اسلامی کی کامیابی کی 44ویں سالگرہ منائی۔ مذکورہ نیوز نیٹ ورک نے سید ابراہیم رئیسی کی تقریر کی مکمل کوریج کی اور ریلی میں ان کی شرکت کی تصاویر شائع کیں۔

ای میل کریں