حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر پیپلز جسٹس فرنٹ نے ضلع کرگل کے سید مہدی آڈیٹوریم میں ’امام خمینی (رح)، عالمی اتحاد کا محور‘ کے عنوان سے ایک روزہ سمینار کا انعقاد کیا، سیمینار میں کشمیر اور کرگل ہندوستان کے مختلف مذہبی اسکالرز اور علمائے کرام سمیت کالجوں اور یونیورسٹیوں کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، سیمینار کی صدارت پارٹی کے چیئرمین آغا سید عباس رضوی نے کی۔آغا سید عباس رضوی نے اپنی صدارتی خطاب میں کہا کہ امام خمینی (رح) نے 1979ء کے انقلاب کے ذریعے اتحاد اور بھائی چارے کا سبق دیا۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ہندوستان اور ایران کے انقلاب اسلامی کے بعد سے ہی گہرے ثقافتی تعلقات ہیں، مزید کہا کہ ہندوستان نے نہ صرف ایران کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو میں مدد کی، بلکہ ایران کی طرف تکنیکی ہاتھ بھی بڑھایا اور اس کے بدلے میں ایران نے خام تیل اور قدرتی گیس کی آزاد تجارتی رعایت دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کونسلر آغا سید کاظم نے کہا کہ امام خمینی (رح) کی قیادت میں آنے والا انقلاب نہ صرف ایرانی عوام بلکہ عالمی امن اور عالمگیر بھائی چارے کے لئے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امام خمینی (رح) کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیئے، تاکہ ہر چہار سو امن و امان قائم ہو۔
تقریب سے آغا محمد حسین لطفی، پروفیسر محمد حسین راجائی، خانم زہرہ بتول، آغا سید مبشر کاظمی، آغا سید عابد رضوی، آغا سید طیب موسوی، سجاد کرگلی اور محمد ایوب نے بھی خطاب کیا۔