اسلامی جمہوریہ ایران

سپاہ قدس کے کمانڈر نے امریکہ کو دی سخت وارننگ

سپاہ قدس کے کمانڈر نے امریکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکیوں کے لئے واضح کر دیا ہے کہ انکے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ وہ خود سے علاقے

سپاہ قدس کے کمانڈر نے امریکہ کو دی سخت وارننگ

سپاہ قدس کے کمانڈر نے امریکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکیوں کے لئے واضح کر دیا ہے کہ انکے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ وہ خود سے علاقے کو چھوڑ دیں ورنہ انہیں اس خطے میں افغانستان میں پیش آنے والی بدترین صورتحال سے زیادہ بری صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے امریکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح تم ماضی میں منمانی کیا کرتے تھے اب اُس طرح تم اپنی من مانیاں نہیں کر پاؤگے اور یہ زمانہ اب گزر چکا ہے۔شہید قاسم سلیمانی کے جانشین کمانڈر نے امریکیوں پر واضح کیا کہ اب مار کر بھاگ نکلنے کا دور ختم ہوا اور اگر کوئی حماقت انکی جانب سے ہوتی ہے تو اُس کا دنداں شکن جواب ایران کی مسلح افواج انہیں دیں گی۔

انہوں نے افغانستان میں بیس سال جارحیت کے بعد امریکہ کے ذلت آمیز انخلا کو اسکی ایک بڑی ناکامی سے تعبیر کیا۔ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر نے پابندیوں اور دھمکیوں پر مبنی امریکی پالیسیوں کو بے سود قراد دیا اور کہا کہ امریکہ ان دو حربوں سے ایران سے کچھ حاصل نہیں کر سکے گا۔

ادہر ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر مذاکرات کار علی باقری کنی نے جامع ایٹمی معاہدے کے فریق ممالک کو دوٹوک لفظوں میں کہا ہے کہ ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ تدریجی نہیں بلکہ دفعی اور یکبارگی ہوگا۔علی باقری نے جمعرات کے روز جاپان کی نیوز ایجنسی کیودو کو انٹرویو دیتے ہوئے واشگاف لفظوں میں کہا یہ پابندیوں کا خاتمہ قدم بقدم اور تدریجی نہیں ہوگا۔ انہوں نے یہ بات اس سوال کے جواب میں کہی کہ ایران کے خلاف عائد پابندیاں تدریجی طور پر ہٹیں گی یا دفعی اور یکبارگی؟

انہوں نے پابندیوں کے خاتمے کی تصدیق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے تین دستاویزات تیار کی ہیں جن میں سے ابھی تیسری دستاویز مقابل فریقوں کو پیش نہیں کی گئی ہے۔ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ویانا مذاکرات کے لئے ایران کی تیار کی گئی تیسری دستاویز جامع ایٹمی معاہدے کے بارے میں ہے جس میں ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کی تصدیق کے سلسلے میں کچھ تجاویز پیش کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ ایران کا مذاکراتی وفد بدھ کے روز غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی مسائل کے سلسلے میں اپنی تجاویز پر مبنی دو دستاویزات فریق مقابل کو دے چکا ہے جس پر ابھی گفتگو کا سلسلہ جاری ہے۔ویانا میں محو مذاکرات ایران کے نائب وزیر خارجہ نے مذکورہ دو دستاویزات کو مذاکرات میں ایران کی مکمل سنجیدگی کا مظہر قرار دیا ہے۔

ای میل کریں