بہاولنگر

بہاولنگر میں عاشوراء کے جلوس پر حملے کی ایران کیجانب سے شدید مذمت

عاشورائے حسینی کا پیغام، ایرانی وزارت خارجہ کے زبانی

بہاولنگر میں عاشوراء کے جلوس پر حملے کی ایران کیجانب سے شدید مذمت

 

اسلام ٹائمز۔ ایران نے بہاولنگر میں عاشورائے محرم الحرام کی مناسبت سے برآمد کئے گئے جلوس عزاء پر ہونے والے مذموم حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں پاکستانی شہر بہاولنگر میں نواسہ رسول(ص) حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں پر ہونے والے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں اس حملے سمیت کسی بھی دوسری صورت میں ظاہر ہونے والے اس جیسے تمام غیر انسانی و دہشتگردانہ اقدامات کے بھرپور مقابلے کی ضرورت پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ خطے کے تمام ممالک ایسے دہشتگردانہ اقدامات کو انجام دینے والوں، انہیں منظم کرنے والوں اور ان کے سہولتکاروں و مالی معاونین کے خلاف مسلسل جدوجہد کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ واضح رہے کہ آج عاشورائے محرم الحرام کی مناسبت سے بہاولنگر میں برآمد ہونے والے جلوس عزاء پر نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے گرینیڈوں کے ساتھ حملہ کیا گیا جس میں کم از کم 3 عزادار شہید اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

 

عاشورائے حسینی کا پیغام، ایرانی وزارت خارجہ کے زبانی

 

یوم عاشوراء کی مناسبت سے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ کی جانب سے جاری ہونے والے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں آج کے لئے عاشورائے محرم الحرام کے خصوصی پیغام کی جانب اشارہ کیا گیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں محمد جواد ظریف نے لکھا کہ بڑی تعداد میں موجود ظالموں و ستمگروں کی شدید خواہش کے برخلاف؛ ظلم و استبداد کے خلاف یہ جنگ کربلاء یا سال 670ء میں ہی ختم نہ ہوئی بلکہ آج 14 صدیوں کے بعد بھی پوری دنیا میں ظلم کے خلاف مزاحمت اور آزادی کے لئے جدوجہد جاری و ساری ہے۔ انہوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے اس درخشاں فرمان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اگر تم بے دین ہو اور آخرت کا خوف بھی نہیں رکھتے تو کم از کم آزاد تو رہو..! لکھا کہ آج عاشوراء 2021ء کے موقع پر بھی حسین(ع) کا چراغ ہدایت روشن و درخشاں ہے۔

دوسری جانب اسی مناسبت سے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بھی ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں لکھا کہ اقدار و حقیقت کے لئے جانثاری پر مبنی عاشوراء کے ٹھوس پیغامات؛ ظلم کے خلاف باعزت مزاحمت اور اخلاقی اصولوں پر ثابتقدمی، نہ صرف پوری تاریخ میں برقرار رہے ہیں بلکہ آزادی و عدالت کے خواہاں تمام انسانوں کے لئے محرک بھی بنے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ اپنے عوام کے حقوق کے حصول کی برحق کوششوں میں انہی اسباق نے ہماری رہنمائی بھی کی ہے۔

ای میل کریں