امام خمینی (رح)

اگر میں غلط راستے پر قدم رکھوں تو احتجاج کریں

میں تکبر سے خدا کی پناہ مانگتا ہوں

اگر میں  غلط راستے پر قدم رکھوں  تو احتجاج کریں

 

اب ہماری ذمہ داری ہے، ہم سب ذمہ دار ہیں ، ہم سب جوابدہ ہیں ۔صرف اپنے کاموں  کے جوابدہ نہیں ، بلکہ دوسروں  کے کاموں  کے بھی جوابدہ ہیں  {کُلُّکُمْ راعٍ وَکُلُّکُمْ مَسْئولٌ عَنْ رَعِیَّتِہ} سب کو ایک دوسرے کا خیال رکھنا چاہیے۔ سب کو دوسروں  کے بارے میں  اپنی ذمہ داری محسوس کرنی چاہیے۔ میری ذمہ داری، آپ لوگوں  کے کندھوں  پر ہے، آپ لوگوں  کی ذمہ داری میرے کندھوں  پر ہے۔ اگر میں  غلط راستے پر قدم رکھوں  اور آپ مجھے یہ نہ کہیں  کہ تو نے غلط راستے پر قدم کیوں  رکھا؟ تو آپ جوابدہ ہوں گے۔ آپ کو احتجاج کرنا چاہیے، منع کرنا چاہیے....

(صحیفہ امام، ج ۸، ص ۴۸۷)

 

میں  تکبر سے خدا کی پناہ مانگتا ہوں

مجھے اس بات کا خوف ہے کہ جناب حجازی نے میرے بارے میں  جو مطالب بیان فرمائے ہیں  کہیں  میں  انہیں  باور ہی نہ کر لوں ۔ مجھے اس بات کا خوف ہے کہ ان اور ان جیسے دیگر افراد کے بیانات سے کہیں  میں  غرور اور انحطاط کا شکار نہ ہوجاؤں  میں  تکبر سے خدائے تبارک وتعالیٰ کی پناہ مانگتا ہوں ۔ اگر میں  دوسرے افراد کی نسبت اپنے لیے کسی مرتبے کا قائل ہوجاؤں  تو یہ ایک فکری اور روحی انحطاط وپستی ہے۔ اگرچہ میں  جناب حجازی کی قدردانی کرتا ہوں  کہ وہ ایک توانا اور فرض شناس خطیب ہیں ، لیکن مجھے ان سے شکایت ہے کہ انہوں  نے میری موجودگی میں  ایسی باتوں  کو بیان کیا ہے کہ ممکن ہے میں  ان کو باور کر لوں ۔

(صحیفہ امام، ج ۱۲، ص ۳۴۳)

 

مجھے یہ بھی عرض کرنا ہے کہ ہم مدرسہ علوی میں  گئے کہنا چاہیے کہ ہم نے اس پر قبضہ ہی جمالیا یا یہ کہ ہم وہاں  علماء کے مہمان تھے اور جب چھٹیوں  کے بعد مدرسہ کھلا تو میں  نے کہا میرے ساتھیوں  کو اکٹھا کر کے کہہ دیا جائے کہ وہ یہاں  سے چلے جائیں  اور میں  بھی کہیں  چلا جاتا ہوں ۔ بعد میں  چند افراد نے مجھ سے آکر کہا کہ مدرسے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کا یہاں  سے جانا طویل مدت کیلئے نہیں  ہے تو آپ کسی اور جگہ نہ جائیں ، بلکہ قم تشریف لے جائیں  اور یہ ہمارے لیے بہت بڑی پشت پناہی ہوگی۔ ہم نے ان کے حکم کی تعمیل کی [اور میں  نے ان سے کہا کہ] میں  تین چار پانچ دنوں  تک آپ لوگوں  کی زحمت ختم کردوں گا۔

(صحیفہ امام، ج ۶، ص ۲۰۴)

ای میل کریں