امام رضا (ع)

امام رضا (ع) کے یوم ولادت پر قیدیوں کی رہائی

حرم مطہر کے ادارہ اماکن متبرکہ کے سربراہ نے یہ بھی بتایا کہ اس مبارک موقع پر ضریح پر پھولوں کی بارش کی گئی

امام رضا (ع) کے یوم ولادت پر قیدیوں کی رہائی

 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حرم مطہر کے ادارہ اماکن متبرکہ کے سربراہ محمد توکلی نے گفتگو کے دوران تفصیلات بتاتے  ہوئے کہا کہ حرم مطہر کے اماکن متبرکہ کے ادارے کی جانب سے عشرۂ کرامت کے دوران ہر سال کی طرح اس سال بھی یہاں کے خدمت گزاروں کی مدد اور تعاون سے اور صوبۂ خراسان رضوی کے ادارہ قصاص کی جانب سے فائلوں کا جائزہ لئے جانے کے بعد "یا ضامن آہو" پروگرام کے تحت کم جرائم کا ارتکاب کرنے والے اٹھاسی  قیدیوں کو رہائی دلائی گئی  جو عمدا" جرائم کے مرتکب نہیں ہوئے تھے اوران میں دیت دینے کی  توانائی بھی نہیں تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پرغیر عمد جرائم کی بنا پر قید کی سزا جھیلنے  والے اٹھاسی (88) افراد کو رہا کیا جارہا ہے۔

محمد توکلی نے اس سال کے عشرۂ کرامت میں انجام پانے والے ایک اور نیک کام کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ "یا معین الضعفاء" نامی منصوبے کے تحت سن رسیدہ افراد اور اسی معذور افراد کو روزانہ روضۂ مطہر کی زیارت کرائی جارہی ہے اس کے علاوہ آستان قدس کے ثقافتی اور مذہبی پروگراموں میں شرکت کا موقع بھی فراہم کیا جارہا ہے ۔

حرم مطہر کے ادارہ اماکن متبرکہ کے سربراہ نے یہ بھی بتایا کہ اس مبارک موقع پر ضریح پر پھولوں کی بارش کی گئی جبکہ قبر مطہر کی پوشش بھی تبدیل کی گئي ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پرمسرت موقع پرلوگوں میں خوشیاں تقسیم کرنے کے لئے آستان مقدس کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں قائم مختلف  اداروں اور انجمنوں وغیرہ کے لئے متبرک تحائف کے ایک ہزار پیکٹس بھی ڈاک کے ذریعے ارسال کئے گئے ۔

اسی طرح دوسری خوبصورت رسومات جو اس موقع پر انجام پاتی ہیں وہ ان جوڑوں کے لئے دو ہزار تحائف کا انتظام ہے جو نکاح کے لئے حرم مطہر میں آتے ہیں ۔

آستان قدس کے ادارہ اماکن متبرکہ کے سربراہ محمد  توکلی  نے بتایا کہ اس مبارک تاریخ میں پیدا ہونے والے بچّوں کے کان میں اذان و اقامت  کہنے کا سلسلہ بھی شروع کیا گيا ہے جو آستان قدس کی جانب سے مشہد کے اسپتالوں میں انجام پارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آستان قدس کی جانب سے حرم کے دروازوں پر ماسک وغیرہ کا بھی مکمل انتظام ہے۔

دوسرے انتظامات کے ساتھ ساتھ نمازیوں کے درمیان یوم ولادت کے اس مبارک موقع پر 50 ہزار متبرک تحائف کے پیکٹس تقسیم  کئے جارہے ہیں اور حرم کے خدام اسپتالوں میں مریضوں کی عیادت کے لئے پہنچے ہیں۔ ضرورت مند افراد کے درمیان روٹیاں اور دوسری ضرورت کی اشیاء تقسیم کی جارہی اوراس کے علاوہ بہت سے دیگر مذہبی پروگرام اور محافل جشن منعقد کی جارہی ہیں۔

ثامن الحجج کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر امام علی بن موسی الرضا (ع) کے روضے کے گنبد پر نصب پرچم اور ضریح مطہر کے چادر کی تبدیلی کی روایتی تقریب بھی منگل کی صبح منعقد ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق، اس موقع پر روضہ منورہ میں نقارہ بجایا گیا اور ایک معنوی ماحول میں گنبد کا پرچم اور ضریح کی چادر تبدیل کی گئی۔

اس تقریب میں حرم مطہر کے منتظم اعلی، ملک کے اعلی عہدے دار، حرم کے خادموں اور زائروں نے شرکت کی اور مداحان اہلبیت میثم مطیعی اور جواد غفاریان نے منقبت پیش کی اس پروگرام کے دوران، معروف  خطیب اور عالم دین حجت الاسلام ناصر رفیعی نے امام رضا (ع) کی سیرت پر روشنی ڈالی اور فرمایا کہ: فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام نے اپنی زندگی میں عقلانیت کو پہلا اصول بنایا اور جہالت کو ہر انسان کا دشمن اور عقل کو انسان کا دوست قرار دیا۔

ای میل کریں