ماہ مبارک رمضان اللہ کی عظیم رحمتوں میں سے ایک ہے، مسلمان اس ماہ سے بھرپور استفادہ کریں، آغا سید حسن الموسوی الصفوی
حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر حجت الاسلام و المسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے استقبال ماہ رمضان کے عنوان سے اپنے پیغام میں کہا کہ عبادات و اعمال صالح کی بہار،تزکیہ و تربیت نفس، اصلاح کردار و اخلاق احساس احترام انسانیت،ایثار و ہمدردی، بخشش و مغفرت،خدا کی جانب باز گشت،اللہ تعالیٰ کے دسترخوان سے مستفید ہونے اور قرآن مقدس سے انسیت کا منادی ماہ مبارک رمضان ایک بار پھر امت مسلمہ پر سایہ فگن ہورہا ہے اس متبرک موقع پر میں فرزندان اسلام بالخصوص اسلامیان جموں و کشمیر کی خدمت میں پر خلوص ہدیہ تہنیت پیش کرتا ہوں اور عالم اسلام کی امن و سلامتی کے لئے دعا گو ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک اللہ تعالیٰ کی عظیم رحمتوں میں سے ایک ایسا بے بدل متاع بے بہا ہے جس میں ایک روزہ دار کو دیگر مہینوں کے مقابلے میں ہر عمل صالح کے عوض ستر گناہ اجر و ثواب عطا کیا جاتا ہے بلکہ روزہ دار کی نیند بھی عبادات میں شمار کی جاتی ہے احادیث سے واضح ہے کہ جس شخص نے خلوص دل سے روزے رکھے اسکے تمام گزشتہ گناہ سوائے حق الناس معاف کئے جاتے ہے رسول اکرم ؐ کا ارشاد گرامی ہے کہ جس شخص نے ماہ رمضان کو پایا اور اپنے گناہوں کی بخشش و مغفرت نہیں کروا سکا وہ بد بخت اور ملعون ترین شخص ہے لہذا ہر مسلمان کو چائے کہ ماہ مبارک کی رحمتوں اور سعادتوں سے استفادہ کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہار قرآن کے اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ تلاوت کلام پاک کی جائے اور قرآن مقدس کے فکر و پیغام کی طرف توجہ مبذول کی جائے اور فکری و عملی طور پر قرآن کریم سے انسیت کا مظاہرہ کیا جائے بدقسمتی سے ایک بار پھر عالمی وبانے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے بلکہ موجودہ وبائی لہر پہلے سے زیادہ پیچیدہ اور خطرناک ہے لہذا ماہ مبارک کی اجتماعی عبادات اور اعمال کے دوران حسب سابقہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہنے کی اشد ضرورت ہے۔
اللہ تعالیٰ ماہ مبارک کے صدقے دنیاے انسانیت کو اس مہلک وبائی مرض سے نجات عطا کریں اور ہمیں ماہ مبارک کی رحمتوں،سعادتوں،فیوض و برکات اور فکر و پیغام صیام سے استفادہ کرنے کی توفیق عطا کریں۔