امام خمینی (رح) کی دائمی عبادت
راوی: حجت الاسلام و المسلمین فردوسی پور
امام خمینی (رح) کا روزانہ کا معمول تھا کہ آپ ہر شب امام علی (ع) کی قبر کی زیارت کرتے تھے۔ جب حرم مطہر میں داخل ہوتے تھے تو اذن دخول پڑھتے تھے اور اس کے بعد قبر امام علی (ع) کے سامنے کھڑے ہو کر زیارت امین اللہ پڑھتے تھے۔ اس ے بعد پشت پر آکر دو رکعت نماز پڑھتےاور اسی جگہ بیٹھ جاتے تھے اور زیارت جامعہ کبیرہ پڑھتے تھے۔ پھر حرم سے باہر آتے تھے۔ اس کے بعد ایران سے قافلے آنے لگے جن زائرین کے دل میں حوصلہ ہوتا تھا وہ امام کے پاس آکر آپ کی دست بوسی کرتے تھے۔ در حقیقت امام کے لئے مزاحمت ہوتی تھی۔ جب امام نے دیکھا کہ ایسا ہے تو صرف زیارت امین اللہ پر اکتفا کرنے لگے اور اس کے بعد دور کعت نماز زیارت پڑھتے اور حرم سے باہر نکل جاتے تھے اور باقی اعمال اور عبادتیں گھر پر انجام دیتے۔ امام نے نماز شب کبھی ترک نہیں کی۔