ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بے دخل کر دیئے جانے پر اظہار خیال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان ہزاروں افراد کی یاد جنہیں ٹرمپ کی حکومتی و اقتصادی دہشتگردی اور انسانیت کیخلاف اسکے دوسرے جرائم کے ذریعے قتل کر دیا گیا یا نقصان پہنچایا گیا یا انہیں خوراک و ضروری ادویات سے محروم رکھا گیا، ہمیشہ ہمیشہ کیلئے انسانیت کی تاریخ میں تازہ رہیگی، تاہم ممکن ہے کہ واشنگٹن پہنچنے والے جدید افراد اس روئیداد سے سبق حاصل کرچکے ہوں
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی محل "وائٹ ہاؤس" سے بے دخل کر دیئے جانے پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ٹرمپ، پمپیو اور دوسرے کارندے شدید ترین رسوائی کے عالم میں تاریخ کے کوڑے دان کے سپرد ہوچکے ہیں جبکہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کا نام تاابد درخشاں رہے گا۔ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے پیغام میں محمد جواد ظریف نے لکھا ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان ہزاروں افراد کی یاد جنہیں ٹرمپ کی حکومتی و اقتصادی دہشتگردی اور انسانیت کے خلاف اس کے دوسرے جرائم کے ذریعے قتل کر دیا گیا یا نقصان پہنچایا گیا یا انہیں خوراک و ضروری ادویات سے محروم رکھا گیا، ہمیشہ ہمیشہ کے لئے انسانیت کی تاریخ میں تازہ رہے گی، تاہم ممکن ہے کہ واشنگٹن پہنچنے والے جدید افراد اس روئیداد سے سبق حاصل کرچکے ہوں
واضح رہے کہ چند گھنٹے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کا خاتمہ ہوا ہے، جبکہ امریکہ کے 46ویں صدر کے عنوان سے جوبائیڈن نے حلف اٹھا لیا ہے۔ یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے سال 2020ء کی ابتداء میں اپنے ایک دہشتگردانہ اقدام کے دوران عراقی سرزمین پر سفارتکاری مشن پر موجود ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی، ان کے میزبان عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس اور ان کے رفقاء کو بزدلانہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کر دیا تھا جبکہ اس فیصلے میں اُس وقت کے امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کا بنیادی کردار رہا تھا۔