ایران کیخلاف ٹرمپ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کو نمایاں شکست ہوئی ہے، ایلہان عمر
اسلام ٹائمز۔ امریکی ریاست مینوسوٹا سے منتخب ڈیموکریٹ سینیٹر ایلہان عمر نے اپنے انٹرویو میں تاکید کی ہے کہ ایران کے خلاف ٹرمپ حکومت کی زیادہ سے زیادہ دباؤ پر مبنی سیاست کو نمایاں ناکامی ہوئی ہے۔ ایلہان عمر نے "ذمہ دارانہ طرز حکومت" (Responsible Statecraft) نامی ای مجلے کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمت عملی کے لحاظ سے، یہ ایک بہت نمایاں شکست ہے کیونکہ یہ حکمت عملی ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کے لئے کچھ بھی نہ کر پائی ہے جبکہ ایران، (جوہری) معاہدے کی بہ نسبت اس وقت 12 گنا زیادہ افزودہ یورینیم کا حامل ہو چکا ہے۔
امریکی سینیٹر نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی نہ صرف امریکہ کے بارے موجود دشمنی میں بے پناہ اضافے کا باعث بنی ہے بلکہ اس نے ایران کے ساتھ ممکنہ کسی معاہدے کو بھی انتہائی مشکل بنا دیا ہے۔ ایلہان عمر نے ایران کے خلاف ڈونلڈ ٹرمپ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی سیاست کے غیر انسانی پہلوؤں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سیاست کا حقیقی مطلب، بے گناہ انسانوں کا قتل عام ہے۔ ایلہان عمر نے کہا کہ ایرانی عوام، بالخصوص نادار خواتین اور بچے اس سیاست کے باعث شدید رنج و الم میں گرفتار ہیں درحالیکہ وہ کرونا وائرس کی وباء کے دوران پہلے سے دواؤں کی شدید قلت کا بھی شکار ہیں جس کے باعث وہ اپنی ضروریات کو بھی پورا نہیں کر سکتے۔