حکومت نائیجیریا شیخ ابراہیم زکزاکی کو آزاد کرے، آیت اللہ اعرافی
حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حوزہ علمیہ کے سربراہ آیت اللہ اعرافی نے مظلوم شہداء کی پانچویں برسی کی مناسبت سے آن لائن خطاب کیا۔
آیت اللہ اعرافی نے اپنے خطاب میں دنیا میں اسلامی بیداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آخری چند دہائیوں میں دنیا کے مختلف علاقوں میں اسلامی بیداری کی لہر آئی ہے۔ مسلمان چند قرن استعمار کے زیرتسلط رہنے کے بعد اپنے ایمان و تشخص کی جانب لوٹے ہیں اور وہ اسلامی تہذیب و تمدن کا احیاء کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: گزشتہ چند دہائیوں میں افریقہ کے مختلف علاقوں میں چھوٹی بڑی اسلامی تحریکوں نے جنم لیا ہے۔
حوزہ علمیہ کے سربراہ نے کہا: ان تحریکوں کا راستہ روکنے کے لیے دشمن نے بھی کسی کوشش سے دریغ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا: دشمن جب انقلاب اسلامی کے مقابلے میں اپنی مذموم کوششوں میں ناکام رہا تو اس نے ظالمانہ اقتصادی پابندیاں عائد کردیں تاکہ مزاحمت کے عنصر کو کمزور کر کے لوگوں کو مایوس کریں اور پھر انقلاب اسلامی کے سربراہوں کو عقب نشینی پر مجبور کر دیں۔
انھوں نے مزید کہا: شیخ ابراہیم زکزاکی کو نائیجیریا کے حکام نے گزشتہ پانچ سالوں سے قید و بند میں رکھا ہوا ہے۔ جبکہ وہ بے گناہ ہیں اور شدت پسندانہ اور انحرافی نظریات بھی نہیں رکھتے۔ امید ہے کہ نائیجیریا کے حکام عقل و خرد کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں زندان سے آزاد کر دیں گے۔
یاد رہے کہ 13 دسمبر 2015ء کو نائیجیریا کی فوج نے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق عزاداروں اور حجت الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم زکزاکی کے گھر پر حملہ کر دیا اور ایک ہزار سے زائد عزاداروں کو شہید کردیا اور رہبر شیعیان نائیجیریا اور ان کے خاندان کے افراد اور ان کی اہلیہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے زندان میں ڈال دیا تھا۔