رہبر انقلاب کی کورونا سے نمٹنے کے لیے مکمل آمادگی پر تاکید
ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ہفتے کو نیشنل اینٹی کورونا ہیڈکوارٹر کے عہدیداروں سے ملاقات میں فرمایا کہ امریکا جیسے بعض ملکوں میں کورونا کے خلاف مہم میں بدترین طریقہ کار اپنایا گیا لیکن ہمیں چاہئے کہ ہم اس وبا کا جو عوام کی جان و سلامتی اور اقتصاد کے لئے خطرہ ہے بہترین طریقے سے مقابلہ کریں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اس سلسلے میں ملک میں بہترین اقدامات انجام دئے گئے ہیں اور خداوندعالم کے فضل سے کوئی بھی واقعہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی و پیشرفت کو نہیں روک سکا ہے لیکن ترقی و پیشرفت کی تیز رفتاری میں جو روکاوٹیں حائل ہو گئی ہیں ان کو پھر سے دور کرنے اور رفتار کو مزیر تیز کرنے کی ضرورت ہے-
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ کورونا سے مقابلے کے لئے ضروری ہے کہ ٹھوس فیصلے کئے جائیں اور تمام اداروں اور عوام کے درمیان تعاون کو یقینی بنایا جائے اور انہیں اس کے لئے مکمل طور پر آمادہ کیا جائے-
آپ نے فرمایا کہ البتہ یہ تعاون صرف کورونا کے خلاف جنگ کے لئے ہی مختص نہیں ہونا چاہئے بلکہ تمام معاملات خاص طور پر سیاسی معاملات میں بھی حکومتی اداروں اور عوام کے درمیان بھرپور تعاون انجام پانا چاہئے۔
خیال رہے کہ ایران میں کورونا کی روک تھام کے پیش نظر صدر جمہوریہ کی نگرانی میں ایک خصوصی ہیڈ کواٹر تشکیل دیا گیا تھا جس کی نگرانی میں انسداد کورونا مہم بڑے زور و شور سے جاری ہے۔