ایران

جنرل قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ بھولیں گے اور نہ ہی معاف کرینگے، ایران

پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں، محمد علی حسینی

جنرل قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ بھولیں گے اور نہ ہی معاف کرینگے، ایران

 

اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور رفقاء سمیت ٹارگٹ کلنگ کی امریکی کارروائی کو بزدلانہ اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ سید عباس موسوی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ہمارے خطے میں انسداد دہشتگردی کے ہیرو، جنرل قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ پر مبنی بزدلانہ (امریکی) کارروائی نہ صرف ایک "خودسرانہ قتل" بلکہ اقوام متحدہ کے منشور کی بھی کھلی خلاف ورزی تھی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لکھا کہ امریکہ اس مجرمانہ اقدام کا ذمہ دار ہے جس سے وہ اقوام متحدہ پر اپنی شدید تنقید کے ذریعے "بری" نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا کہ ہم اس (گھناؤنے امریکی جرم) کو بھولیں گے اور نہ ہی معاف کریں گے!

 

پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں، محمد علی حسینی

 

اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر محمد علی حسینی کا کہنا ہے کہ ایران نے ہمیشہ علاقائی سلامتی کے تحفظ اور بدامنی و عدم استحکام پیدا کرنے والے عوامل اور دہشتگرد گروہوں کی بیخ کنی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے اور اسے غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستان میں ایران کے سفیر محمد علی حسینی نے عزیر بلوچ کے معاملے پر ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ایران نے پاکستان کے ساتھ تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر استوار کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے اور پاکستان میں بدامنی پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد اور اس کی مذمت کرتا ہے۔

 

محمد علی حسینی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی عسکری اور سیاسی قیادت کی باہمی ملاقاتوں اور گفتگو میں ہمیشہ اعادہ کیا گیا کہ ایران دونوں ممالک کی مشترکہ سرحدوں اور کسی بھی سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لئے اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو مکمل طور پر تیار ہے۔ ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ تہران دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ غلط فہمیوں کے فوری اور ضروری ازالے پر زور دیتا ہے، جو زیادہ تر تیسری قوتوں کی بدنیتی پر مبنی کوششوں کے باعث پیدا ہوتی ہیں۔

ای میل کریں