رہبر انقلاب

تاریخی جھوٹ

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے گذشتہ روز اپنے نشری خطاب میں امریکہ کو جھوٹا، بے شرم، لالچی، سنگ دل، بے رحم اور دہشت گرد قرار دیا ہے

تاریخی جھوٹ

 

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے گذشتہ روز اپنے نشری خطاب میں امریکہ کو جھوٹا، بے شرم، لالچی، سنگ دل، بے رحم اور دہشت گرد قرار دیا ہے۔ آج صدرِ ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کرونا وائرس کے خلاف مہم میں امریکہ کی جانب سے ایران کو مدد کی پیشکش کو تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ایران کے اسلامی انقلاب نے دنیا پر مسلط تمام بڑی طاقتوں کے چہرے سے نقاب اتارنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے جب لاشرقیہ و لاغربیہ یعنی نہ روس نہ امریکہ کا الہٰی نعرہ بلند کیا تھا تو وقت کی دونوں سپرپاورز ایران کے خلاف صف آراء ہوگئیں تھیں۔

ایران کی قیادت نے گذشتہ چالیس اکتالیس برسوں میں کئی بار امریکہ اور اس کے حواریوں کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کیا ہے۔ کرونا وائرس کے حوالے سے بھی امریکی دعوے اور پیشکش جھوٹ، فریب اور ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے علاوہ کچھ نہیں۔ امریکہ ماضی میں بھی جھوٹ بولتا رہا ہے، لیکن اب بھی کوئی امریکہ کو آئینہ نہیں دکھاتا۔ امریکہ افغانستان میں جمہوریت کی بحالی، منشیات کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے آیا تھا۔ آج وہ ان تمام مشکلات اور بحرانوں کا باعث بننے والے گروہوں سے شیر و شکر ہوچکا ہے، کیا یہ واقعی جھوٹ نہیں ہے۔؟

امریکہ عراق میں عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے آیا تھا۔ امریکہ کو نہ کیمیائی ہتھیار ملے، نہ دنیا کو خطرات سے دوچار کرنے والے دیگر عوامل، امریکہ کا جھوٹ یہاں پر بھی بے نقاب ہوگیا۔ امریکہ شام میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے داخل ہوا تھا، آج شام میں دہشت گردی کے ذمہ دار تمام دہشت گرد گروہ امریکہ کی گود اور سائے میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ تھوک کے حساب سے جھوٹ بولتے ہیں اور اس کا اعتراف ان کے اپنے شہری اور ووٹرز بھی کرتے ہیں۔ آج اگر ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکی صدر کی جانب سے کرونا کے خلاف مہم میں ایران کو مدد کی پیشکش کو تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دیا ہے تو کسی کو تعجب نہیں کرنا چاہیئے۔

ای میل کریں