دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے سب کو ہوشیار اور الرٹ رہنا چاہئیے
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے انتخابات جیسے بڑے امتحان میں ایرانی عوام کی فقیدالمثال شرکت اور دشمن کی سازشوں ،کارروائیوں اور پروپگنڈوں کو ناکام بنانے پر ان کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ ملک کی اکائیوں کو نقصان پہنچانے کیلئے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے سب کو ہوشیار اور الرٹ رہنا چاہئیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت الله العظمی سید علی خامنه ای نے آج صبح فقہ کے درس خارج میں شرکت کرنے والوں سے خطاب میں ایرانی عوام کو انتخابات میں شرکت نہ کرنے سے متعلق اغیار کے چند ماہ سے جاری منفی پروپگنڈوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس قسم کا منفی پروپیگنڈہ گزشتہ چند ماہ سے شروع ہوا جس میں انتخابات کے قریب ہوتے ہی اضافہ ہوا اور آخری دو روز میں تو کورونا وائرس کو بہانہ بنا کر اغیار کے ذرائع ابلاغ نے عوام کو انتخابات سے دور رکھنے کی بھر پور کوشش کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دشمن کے خود غرضانہ پروپیگںڈوں کے باوجود انتخابات میں عوام کی بھر پور شرکت پر خداوند متعال کا شکر ادا کیا اورعوام کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالی نے ایرانی عوام کو کامیاب کرنے کا ارادہ کر لیا ہے۔
حضرت آیت الله العظمی سید علی خامنه ای نے ایرانی قوم سے دشمنوں کی دشمنی صرف اقتصادی، ثقافتی، دینی اور انقلابی حوالوں سے نہیں ہے بلکہ وہ تو ایرانی قوم کے انتخابات کے بھی مخالف ہیں اس لئے کہ وہ نہیں چاہتے کہ عوام انقلاب کی خدمت کرتے ہوئے دین کے نام پر ووٹ کاسٹ کریں اور یہ ایک حقیقت کے طور پر ثبت ہو جائے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی نظام میں انتخابات کے انعقاد کو دین میں آزادی اور ڈیموکریسی پر مبنی دشمنوں کے پروپیگنڈوں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں انتخابات کے انعقاد سے ثابت ہوتا ہے کہ دین ڈیموکریسی کا مکمل نمونہ اور مظہر ہے اور گزشتہ 41 برسوں میں ایران میں منعقد ہونے والے 37 انتخابات سے بخوبی واضح ہوتا ہے کہ اسلامی نظام میں عوامی رائے کی کتنی اہمیت ہے۔
حضرت آیت الله العظمی سید علی خامنه ای نے دشمن شناسی اور دشمن کے مقابلے میں ہوشیاری سے کام لینے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران کے مختلف امور ومسائل کے خلاف دشمن کے محاذ کے ہزاروں افراد کی سرگرمیوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کے محاذ میں کئی ملین افراد، دفاع، تبلیغات اور دیگر امور میں ہر ممکن کام کریں۔