حزب اللہ نے اسرائیل کو جواب نہ دینے کے بدلے نئی امریکی پابندیاں عائد نہ ہونیکی پیشکش ٹھکرا دی
عربی نیوز چینل "المیادین" کو انٹرویو دیتے ہوئے لبنان کے سابق وزیر "وئام وھاب" نے کہا کہ اسرائیل کی حالیہ جارحیت کا جواب نہ دینے کے صلے میں امریکہ کی طرف سے نئی پابندیاں عائد نہ کئے جانے کی پیشکش کو حزب اللہ اور لبنانی حکام نے ٹھکرا دیا ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ کی یہ پیشکش اسرائیل کیطرف سے لبنانی علاقے "ضاحیہ" پر جارحیت کے ارتکاب کے بعد حزب اللہ کیطرف سے اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب دیئے جانے کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے، جس کو حزب اللہ اور لبنانی حکام نے مسترد کر دیا ہے، کیونکہ حزب اللہ لبنان اور لبنانی حکام کیطرف سے اسرائیل کو بھرپور جواب کا دیا جانا حتمی ہے۔
سابق لبنانی وزیر وئام وھاب نے کہا کہ لبنانی وزیراعظم "سعد الحریری" کیطرف سے ضاحیہ پر اسرائیلی جارحیت کے بارے میں دیئے گئے بیان نے اسرائیل کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اب اسرائیل کے ساتھ جنگ ہوئی تو اسرائیل پر ہر طرف سے میزائلوں کی بارش ہوگی، جبکہ اس حوالے سے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کا موقف بھی انتہائی واضح ہے۔ وئام وھاب نے اپنی گفتگو کے آخری حصے میں لبنانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ اپنا تمامتر تعاون ختم کرکے روس اور چین کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائے، اپنے تمامتر معاملات چین اور روس کے ساتھ انجام دے اور اپنے معاملات میں (امریکی ڈالر کے بجائے) یورو استعمال کرے۔