بعض اسلامی ممالک کے حکمراں کفار کی غلامی کر رہے ہیں، رہبر انقلاب اسلامی
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ قرآن سے تمسک اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنا انسانیت کی فلاح و سعادت کا ذریعہ ہے لیکن افسوس کہ آج بعض اسلامی ممالک کے سربراہان قرآنی تعلیمات پر عمل نہیں کرتے اور وہ امریکا اور صیہونیوں کے غلام بنے ہوئے ہیں۔
قرآن کریم کے چھتیسویں بین الاقوامی مقابلے کی اختتامی تقریب پیر کو حسینیہ امام خمینی میں رہبر انقلاب اسلامی کی موجودگی میں منعقد ہوئی جس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے حافظوں، قاریوں اور قرآنی علوم کے اساتذہ نے شرکت کی-
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ قرآن سے تمسک اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنا انسانیت کی فلاح و سعادت کا ذریعہ ہے-
آپ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عصر حاضر میں امت اسلامیہ کی بہت سی مشکلات اور مسائل کی وجہ یہ ہے کہ وہ قرآنی تعلیمات پر عمل نہیں کر رہی ہے اور اس سے دور ہو گئی ہے، فرمایا کہ آج خداوند عالم کے لطف و کرم سے اسلامی جمہوریہ ایران میں قرآن کریم سے ایرانی عوام اور خاص طورپر جوانوں کا انس اور لگاؤ تیزی کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے اور قرآن کریم سے یہی تمسک، اسلامی جمہوری نظام کی کامیابی و سعادت اور عزت و طاقت کا سبب بنے گا-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بعض اسلامی ملکوں کے سربراہان قرآنی تعلیمات پر عمل نہیں کرتے اور وہ امریکا اور صیہونیوں کے تابع اور غلام بنے ہوئے ہیں-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بعض مسلم ملکوں کے سربراہوں نے قرآنی تعلیمات کو فراموش کر دیا ہے اور آج وہ آپس میں رحم دلی سے پیش آنے اور دشمنوں سے سختی کا برتاؤ کرنے کے بجائے امریکا اور صیہونیوں کا ساتھ دے رہے ہیں اور فلسطینیوں کے حقوق کو پامال کر رہے ہیں۔
آپ نے فرمایا کہ مومنین کے ساتھ رحم دلی سے پیش آنے کے بجائے یہ حکمراں شام اور یمن میں جنگ کی آگ بھڑکائے ہوئے ہیں اور گذشتہ چاربرسوں سے یمن پر بمباری کر رہے ہیں اور جو لوگ بمباری کر رہے ہیں بظاہر وہ مسلمان ہیں لیکن مسلمانوں پر رحم نہیں کر رہے ہیں-
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ قرآن پر عمل کا لازمہ یاد خدا اور تقوی الہی ہے- آپ نے شہدا کو تقوا کے اعلی ترین مرتبے پر فائزہونے والے انسانوں سے تعبیر کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے شہدا نے ایرانی عوام کو بہت سے درس اور پیغامات دیئے ہیں جن کی ایک تازہ مثال حالیہ سیلاب کے دوران متاثرین کی مدد کے لئے ایرانی عوام کا جذبہ فداکاری ہے-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کے صوبوں گلستان، مازندران، ایلام، لرستان اور خوزستان میں حالیہ سیلاب کے دوران عوام نے امدادی کارروائیوں میں جس انداز میں حصہ لیا وہ بالکل وہی منظر پیش کر رہا تھا جو آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران ہمارے جوانوں نے پیش کیا تھا۔
آپ نے فرمایا کہ یہ جذبہ قرآنی تعلیمات اور درس قرآن پر عمل کرنے کا نتیجہ ہے-
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران سے دشمنوں کی عداوتوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ اگرچہ دشمنیوں اور ان عداوتوں کا حجم اور ان میں شدت ماضی کے مقابلے میں زیادہ نظر آرہی ہے لیکن یہ اقدامات اور سازشیں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دشمنوں کی عداوتوں کی آخری سانسیں ہیں-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن ایرانی عوام سے جتنی زیادہ دشمنی کریں گے اور قرآنی تعلیمات پر ایرانی عوام کے عمل پیرا رہنے پر وہ جتنا زیادہ سیخ پا ہوں گے، ایران کے عوام دشمنوں کے مقابلے میں اتنا ہی زیادہ طاقتور ہوں گے اور قرآن سے اپنا تمسک بھی روز بروز بڑھاتے جائیں گے۔
سحر اردو نیوز