شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی

ڈاکٹر محمد علی نقوی نے مبارزانہ زندگی گزاری

مقررین کا کہنا تھا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی کامیابی کی ایک اہم وجہ تقوی تھا

ابنا  کی رپورٹ کے مطابق سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 24ویں برسی کے موقع پر علی رضا آباد رائیونڈ لاہور میں شہید کے مزار پر افکار شہداء سیمینار منعقد ہوا۔ افکار شہداء سیمینار میں کرنل (ر) عارف، علامہ حیدر موسوی، رفیقِ شہید ثاقب نقوی، عباس نقوی، قاسم شمسی سمیت دیگر رہنماوں نے افکار شہداء سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی نے مبارزانہ زندگی گزاری، انہوں نے تمام شعبہ ہائے زندگی میں کارہائے نمایاں انجام دیتے ہوئے ملت تشیع پاکستان کی بے نظیر خدمت کی، ضرورت اس امر کی ہے کہ شہید نقوی کے افکار پر عمل پیرا ہوکر ملت کی مضبوطی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا جائے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی کامیابی کی ایک اہم وجہ تقوی تھا، نوجوانوں کو چاہیئے کہ اپنی شخصیت میں شہید ڈاکٹر نقوی جیسا تقوی، اخلاق و جذبہ پیدا کریں اور علما کو اپنی کردار سازی کیلئے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی پیروی کرنی چاہیئے، نوجوانوں کی روزمرہ اور معاشرتی زندگی بالکل یکساں نہیں ہونی چاہیئے، ایسی زندگی ہونی چاہیئے جس میں آئمہ طاہرین کی حیات طیبہ کا عکس دکھائی دے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی نوجوانوں کی زندگی دینی اقدار کے مطابق ڈھالنا چاہتے تھے۔ سیمینار میں سابقین آئی ایس او سمیت ملک بھر سے ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔

ای میل کریں