بانی انقلاب اسلامی امام خمینی(رح) ایک آفاقی شخصیت
ستائیس برس قبل بانی انقلاب اسلامی " روح اللہ موسوی خمینی (رح) " نے، ظالم حکمرانوں اور سامراج کے خلاف اپنی ستاسی سالہ انتھک کوششوں کے بعد دار فانی کو وداع کیا اور اپنے معبود حقیقی سے جاملے- بلا شبہ امام خمینی کا نام ، ایران اور دنیا کی تاریخ میں ہمیشہ درخشاں رہے گا.
حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے بڑی بے باکی کے ساتھ عالمی سامراج کے خلاف تحریک شروع کی اور وہ بھی ایسے ملک میں جہاں جابر حاکم کے سامنے کسی میں آواز اٹھانے کی ہمت مشکل سے نظر آتی تھی ۔ امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے اپنی عظیم تحریک سے ڈھائی ہزار سال سے جاری شہنشائیت کی بساط لپیٹ دی ۔
حضرت امام خمینی (رح) انسان کی آزادی کے طلبگار تھے، خود بیدار تھے اور قوم کو بھی بیدار کردیا اور انہوں نے پورے عالم اسلام کو بیدار کر دیا، تاریخ کے اس سورما، ایران کے اس شجاع و شیر دل انسان اور انقلاب کے اس بانی کے رعب و دبدبے سے قصر باطل میں زلزلہ آ گیا تھا، دربار شاہی درہم برہم ہو گیا تھا- ہم اس قائد و رہبر کو سلام کرتے ہیں جس نے خود آگہی کو شعور بخشا، جس نے غیرت کی روح پھونکی، ملت کو سربلندی کا راز بتایا، کبر و نخوت کا تختہ پلٹا، قصر شاہی میں ایسا شگاف ڈالا کہ ظلم کانپ اٹھا، ہم ایسے مرد مجاہد پر سلام بھیجتے ہیں جس نے اپنی پوری زندگی اسلام کے لئے وقف کردی آپ ہمیشہ اتحاد بین المسلمین پر بہت زیادہ تاکید فرماتے تھے
اگر کوئی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی راہ پر چلنا چاہتا ہے تو اسے ان کے سات زریں اصولوں پر ہر حال میں عمل کرنا چاہئے ۔
خداوند عالم کے وعدوں پر یقین اور سامراجی طاقتوں کے وعدوں پر بے یقینی ، خالص اسلام پر ایمان اور امریکی اسلام کی نفی ، عوامی طاقت پر اعتماد ، محروموں اور کمزوروں کی حمایت ، سامراج مخالف محاذ کی تقویت ، قومی خودمختاری پر ایمان اور تسلط پسند طاقتوں کی نفی اور قومی اتحاد اور تفرقہ انگیز سازشوں پر توجہ ، امام خمینی کے سات زریں اصول ہیں ۔
آج عالم اسلام کے حالات انتہائی خراب ہیں ، سامراجی ذرائع ابلاغ، سچ کو جھوٹ ، جھوٹ کو سچ قرار دے رہے ہیں اور آج ان کی سازشوں کے مقابلے میں حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے زریں اصولوں کی افادیت پہلے سے کہیں زیادہ واضح ہو رہی ہے ۔ ہم اس عظیم شخصیت کی عظمت کو سلام کرتے ہیں ۔
ہر سال دنیا کے بہت سے لوگوں کی دھڑکن اس موقع پر تیز ہو جاتی ہے کیونکہ یہ وہ ایام ہیں جن میں ایک ملکوتی انسان سے، دنیا محروم ہو گئی جس نے اس دنیا کو محروموں اور کمزوروں کے لئے زیادہ محفوظ بنا دیا تھا ۔ امام خمینی رحمت اللہ کا ایک انتہائی اہم کارنامہ ، اقوام عالم کے خلاف عالمی سامراج کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے ۔ امام خمینی(رہ) نے جس طرح سے سماج کے انتہائی کمزور اور محروم طبقے کی مدد سے اپنی تحریک آگے بڑھائی وہ دنیا میں اپنی مثال آپ ہے ۔