موت کو عالِم کی فرمایا عالَم کی موت / ہم بھلا کیسے بُھلائیں "رہبرِ اعظم" کی موت
"رہبرِ اعظم" نقیبِ سُنت و قرآن تھا / عزم و استقلال میں سب سے بڑا انسان تھا
کُفر شکن، باطل شکن، روحِ روانِ انقلاب / مرد آہن، کوہسارِ عزم جانِ انقلاب
جو نشانِ حریت تھا اور وفا کی جان تھا / بانیِ اسلامی جمہوری ایران تھا
آیة اللہ، حُجة الله، سیّد با کمال / مجتہد و اعلم العلماء، فقیہ بے مثال
قوت ایمان سے باطل کو جس نے دی شکست / اک "بڑی طاقت" نظر آنے لگی دنیا کو پست
وہ "بڑی طاقت" بالآخر زیر ہو کر رہ گئی / حملہ آور فوج اس کی ڈھیر ہو کر رہ گئی
تھی حیات مصطفی کا عکس اس بود و باش / ظلم و استبداد کی بُت کر دئے سب پاش پاش
کردیا ثابت توکل سی کوئی دولت نہیں / ماسوا اللہ کوئی دنیا میں بڑی طاقت نہیں
فرقہ بندی کے جھمیلوں سے چھڑایا قوم کو / ایک ہی تسبیح کے دانے بنایا قوم کو
جس نے مظلوموں سے فرمایا پئے ردِّ فساد / اِتحاد و اتحاد و اتحاد و اتحاد
یہ دُعا ہے اے خُدا! تجھ سے بنام مصطفی / اک خمینی اور کر دے میری ملت کو عطا