آیت اللہ خامنہ ای: ایثار، ایمان اور شجاعت، دشمنوں کے مقابلے میں مضبوط سپر ہے۔
اسلامی تبلیغات کونسل کے ارکان کی ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای فرمایا کہ امریکی حکومت، دنیا کی سب سے زیادہ فاسق اور ظالم حکومت ہے۔
آپ نے مزید فرمایا: داعش اور دیگر تکفیری دہشت گرد گروہوں کےلئے امریکا کی حمایت، آل سعود جیسی ظالم اور ڈکٹیٹر حکومتوں کی پشت پناہی، جرائم پیشہ صیہونیوں اور ان مجرموں کا امریکا کیطرف ساتھ دیا جانا جو یمن کے عوام کو خاک و خوں میں غلطاں کر رہے ہیں، ایسی مثالیں ہیں جو امریکی حکومت کی ظالمانہ، غلیظ اور فاسق ماہیت کو آشکارا کرتی ہیں۔
رہبر انقلاب نے امریکی حکومت اور امریکی عدالتی نظام پر حکمفرما نسل پرستی کیجانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امریکا کے عدالتی اور حکومتی نظام میں اس طرح کی بنیادی مشکلات اور خرابیاں ہونے کے باوجود امریکی حکام دیگر ملکوں کے عدالتی نظام، منجملہ ایران کے متدین عدالتی نظام پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔
آیت اللہ نے ایران میں سیاسی، مذہبی، قومی اور لسانی اختلافات پیدا کرنے کےلئے امریکا کے ذریعے بے پناہ دولت خرچ کئے جانے اور اس کے پیچیدہ منصوبوں کو لاحاصل اور ناکام بتایا اور فرمایا: اللہ کی مدد و نصرت سے ایران کا اسلامی نظام اور ایرانی عوام تمام میدانوں میں امریکا کو مایوس اور ذلیل و رسوا کریں گے۔
قائد انقلاب اسلامی نے امریکہ کے سابق صدر رونلڈ ریگن اور موجودہ صدر کا قیاس کرتے ہوئے فرمایا: ریگن، اس شخص سے کہیں بہتر اداکاری کرتا تھا جو آج امریکہ کا صدر ہے۔ کہیں طاقتور اور کہیں زیادہ عقلمند بھی تھا اور اس نے ایرانی عوام کے خلاف عملی اقدام کرتے ہوئے ہمارے مسافربردار طیارے کو نشانہ بنایا، لیکن آج وہ عتاب اور عذاب الہی میں مبتلا ہے لیکن اسلامی جمہوریہ ایران روزافزوں استحکام کے ساتھ ترقی اور پیشرفت کے راستے پر گامزن ہے اور یہ عمل، موجودہ صدر کے دور میں بھی جاری رہےگا۔
آپ نے مزید فرمایا کہ دشمنوں نے روز اول سے ہمیشہ اس بات کا جھوٹا پروپیگنڈہ کیا کہ اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام زیادہ دن تک باقی نہیں رہےگا لیکن آج چالیس سال کا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی اسلامی جمہوری نظام اپنی حیات طیبہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایثار، ایمان اور شجاعت، دشمنوں کے مقابلے میں مضبوط سپر ہے
متعدد شہیدوں کے اہلخانہ سے ملاقات کے دوران رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے اسلامی نظام کو نقصان پہنچانے کےلئے دشمنوں کی کوششوں اور حالیہ ہنگاموں کیطرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: جس چیز نے دشمنوں کو اپنی عداوتوں کو عملی جامہ پہنانے سے روک رکھا ہے، وہ ایرانی عوام میں پایا جانے والا جذبہ ایثار و جاں نثاری، ایمان اور شجاعت ہے اور ایرانی عوام کی عزت و سلامتی اور ترقی و پیشرفت شہدا کے جذبہ ایثار اور قربانیوں کی مرہون منت ہے۔
حضرت آیت اللہ نے اس حقیقت کیجانب اشارہ کرتے ہوئے کہ دشمن ہمیشہ موقع کی تلاش اور ایرانی عوام پر ضرب لگانے کی کوشش میں رہتا ہے، فرمایا: پچھلے چند روز کے دوران رونما ہونے والے واقعات میں ایران کے دشمن، اسلامی نظام کی راہ میں مشکلات کھڑی کرنے کےلئے اپنے تمام تر وسائل منجملہ پیسوں، ہتھیار، سیاست اور سیکورٹی اور خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ متحد ہو گئے تھے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے آخر میں شہیدوں کے اہل خانہ کی قدردانی اور شہیدوں کو مجاہدت کا کامل نمونہ قرار دیتے ہوئے فرمایا: ایرانی عوام قیامت تک ان عزیز شہیدوں کے احسانمند رہیں گے جنہوں نے اپنے گھر اور گھر والوں کو الوداع کہہ کر ان خبیث دشمنوں کے مقابلے میں، کہ جنھیں مغرب و مشرق اور علاقے کی رجعت پسند حکومتوں کی حمایت حاصل تھی، سینہ سپر ہو گئے۔