ابنا کی رپورٹ کے مطابق حضرت محمد مصطفی (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ) اور ان کے فرزند حضرت امام جعفر صادق (ع) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کی تینوں قوا کے سربراہان ، دیگر اعلی سول اور فوجی حکام اور وحدت اسلامی کانفرنس میں شریک مہمانوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس ملاقات میں فلسطین کی آزادی پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: فلسطینی سرزمین آزاد ہوجائےگی اور بیت المقدس کو صہیونیوں کا دارالحکومت بنانے کے دعوے دشمن کی بے بسی اور عجز کی علامت ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں مسلمانوں کے درمیان باہمی اتحاد کو ان کی طاقت اور قدرت کا مظہر قراردیتے ہوئے فرمایا: مسلمان باہمی اتحاد سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف دشمن کی سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے میلاد النبی (ص) کے موقع پر ایرانی قوم اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا: ہمارے نبی (ص) صرف ہمارے ہی نبی (ص) نہیں بلکہ وہ پوری کائنات اور تمام بشریت کے نبی (ص) ہیں اور انسان ان کی اطاعت اور پیروی کے نتیجے میں سامراجی ، استکباری اور استبدادی طاقتوں سے نجات پاسکتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکہ، اسرائيل اور ان کے علاقائی اتحادی حکمرانوں کو اس دور کے فرعون اور یزید قراردیتے ہوئے فرمایا: بعض امریکی حکام کا اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے مغربی ایشیائی علاقہ میں جنگ شروع کرنے کا ارادہ ہے تاکہ وہ اس جنگ کے سائے میں اسرائیل کو مزيد تحفظ فراہم کرسکیں اور عالم اسلام کا خونی اور زخمی پیکر مزید حرکت کی ہمت نہ رکھ سکے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے بعض مسلم حکمرانوں کی طرف سے امریکہ کی پیروی کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران کا کسی بھی اسلامی ملک یا حکومت سے کوئی اختلاف نہیں ہے ایران جس طرح ملک کے اندر تمام مذاہب اور فرقوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی قائم کئے ہوئے ہے اسی طرح وہ عالم اسلام میں بھی اتحاد اور یکجہتی کا خواہاں ہے۔ ایران تمام اسلامی ممالک کو ایک اور متحد پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کررہا ہے ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکہ کی پیروی کرنے والے بعض عرب جہال حکمرانوں کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا ہوں لیکن انھیں نصحیت ضرور کرتا ہوں کہ دنیا کی ظالم و جابر حکومتوں کی خدمت خود ان کے نقصان میں ہے کیونکہ قرآن مجید میں اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ ظالموں کا ساتھ دینے والوں کا سرانجام نابودی اور تباہی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نےفرمایا: دہشت گرد گروہوں کی طرف سے عالم اسلام میں اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں کو اللہ تعالی نے ناکام کردیا اور شیعہ اور سنیوں نے مل کر عالمی سامراجی طاقتوں کے پروردہ دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنادیا۔