دارالحکومت تہران میں31 ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس میں 500ملکی اور غیر ملکی مہمان اور اہم شخصیات شریک ہیں۔ یہ کانفرنس جمعرات 7 دسمبر تک جاری رہے گی۔ اس کانفرنس میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے خطاب کے بعد دیگر شخصیات خطاب کریں گے۔ بین الاقوامی کانفرنس میں اتحاد وحدت، تمدن و ثقافت،عالمی اور علاقائی مسائل، مسلمانوں کو درپیش مسائل و مشکلات اور عالم اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں پر سیر حاصل گفتگو کی جائے گی۔ وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی مہمانوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی تقریب مذاہب اسلامی فورم کے سربراہ آیت اللہ محسن اراکی اور حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے اکتیسویں عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شریک دیگر غیر ملکی مہمانوں کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عالمی تقریب مذاہب اسلامی فورم کے سربراہ آیت اللہ محسن اراکی نے کہا کہ عالم اسلام میں اتحاد و یکجہتی کا قیام امام خمینی (رح) کی عظیم آرزو تھی جس کی تکمیل کے لیے عالمی وحدت اسلامی کانفرنس کا ہر سال انعقاد کیا جاتاہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے شرکا آج امام خمینی (رح) سے تجدید عہد وفا کے لیے آپ کے مزار پر حاضر ہوئے ہیں اور انشا اللہ اتحاد کے مشن کو جاری رکھیں گے۔عالمی تقریب مذاہب اسلامی فورم کے سربراہ نے کہا کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کی شکست کے بعد عالم اسلام ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں پیش کی جانے والی تجاویز اور منصوبوں کو اس نئے حالات سے پوری طرح ہم آہنگ بنانے کی ضرورت ہے۔اتحاد اور نئی اسلامی تہذیب کے تقاضے، کے عنوان سے اکتیسویں عالمی وحدت اسلامی کانفرنس منگل سے تہران میں شروع ہوگی اور جمعرات تک جاری رہے گی۔