رہبر انقلاب اسلامی کا کرمانشاہ کے متاثرہ افراد سے اظہار ہمدردی؛ پہلوان اور شجاع انسان حادثہ پر غلبہ پا لیتے ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای رہبر معظم انقلاب اسلامی نے صوبہ کرمانشاہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں بالخصوص سرپل ذہاب شہر کا دورہ کیا اور اس شہر کے لوگوں کے ساتھ گفتگو کی۔
انھوں نے سرپل ذہاب شہر کے عوام کے اجتماع سے خطاب میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: پہلوان اور شجاع انسان حادثہ پر غلبہ پا لیتے ہیں، میں غمزدہ اور متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہےکہ اس سانحہ میں ۵۰۰ عزیز افراد جاں بحق ہوئے۔
رہبر معظم نے فرمایا: ایرانی حکام نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امداد رسانی کے کام میں بھرپور تعاون کیا اور عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: زلزلے میں جاں بحق ہونے والے عزیزوں کا غم سنگین ہے، اللہ تعالی سے دعا ہےکہ وہ جاں بحق ہونے والوں پر اپنی رحمت اور مغفرت نازل فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل مرحمت فرمائے۔
واضح رہےکہ اس سے قبل رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اعلی حکام سے فرمایا تھا کہ زلزلہ زدگان کےلئے ہمدردی اور امداد رسانی کا عمل پوری قوت اور طاقت کے ساتھ جاری رہنا چاہیے اور زلزلہ سے متاثرہ تمام علاقوں میں موسم سرما کے پیش نظر زلزلہ زدگان کے مسائل و مشکلات کو ختم کرنے کےلئے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔
ابنا کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اس علاقہ کے عوام کےلئے زلزلہ جیسے حوادث نئے اور تازہ نہیں ہیں۔ میں مسلط کردہ جنگ کے دوران اس علاقہ میں رہا ہوں، اس علاقہ کے عوام نے جنگ کے دوران بھی اپنی شجاعت اور مردانگی کا بھرپور ثبوت دیا۔
سپریم لیڈر نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: پہلوان اور بہادر انسان استقامت کا مظاہرہ کرتے ہیں اور وہ حادثے پر غلبہ پا لیتے ہیں۔ کرمانشاہ کے عوام کا مستقبل روشن اور تابناک ہے اور انشاءاللہ یہ شہر بہت جلد آباد ہوجائےگا؛ آمین رب العالمین