انٹرویو

اگر امام خمینی(رح) کے فرمودات پر عمل کیا جائے تو دنیا ایک بار پھر جنت بن جائیگی

امام حسین (علیہ السلام) نے یزید کے چہرے سے نقاب نوچ دی

آپ کا تعارف

میرا نام سید شاہ حسین احمد ہے میں ہندوستان کا رہنے والا ہوں۔

 

آپ نے امام خمینی (رح)کو کب اور کیسے پہچانا؟

جب میرا بچپن تھا تب میں امام خمینی (رح)کے بارے میں سنا کرتا تھا، آہستہ آہستہ امام سے میری محبت بڑھتی گئی اور چونکہ گھر کا ماحول بھی اسلامی ہے اس لئے امام کا ذکر بار بار ہوتا تھا، تو میں نے امام خمینی (رح)کے بارے میں مطالعہ کرنا شروع کیا تو مجھے اندازہ ہوا کہ چودہویں صدی کی سب سے اہم کوئی شخصیت اگر کوئی ہو سکتی ہے عالم اسلام میں تو وہ امام خمینی (رح)کی شخصیت ہے۔

 

امام خمینی (رح)کی شخصیت کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟

امام خمینی (رح)کی شخصیت کے بارے میں کچھ کہنا آسان نہیں ہے صرف یہی کہا جا سکتا ہے:

تم سا نہیں کوئی چمن روزگار میں

کہہ دوں گا کیا ہزار میں کیا سو ہزار میں

 

امام خمینی (رح)کے تفکرات کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟

امام خمینی (رح)نے وہ کام کیا جو آج سے تقریبا ساڑھے تیرہ سو سال پہلے امام حسین علیہ السلام نے کیا تھا، امام کا جہاد غیر مسلمین کے ساتھ نہیں تھا بلکہ ان کی جنگ نام نہاد مسلمانوں کے ساتھ ہوئی تھی، یزید بھی کلمہ پڑھ رہا تھا اور حسین بھی لوگوں کے لئے مشکل یہ تھا کہ کون سا اسلام صحیح ہے حسین کا یا یزید کا؟ امام حسین نے یزید کے چہرے سے نقاب نوچ دی اور کہا یہ جو اسلام ہے وہ بنی امیہ کا اسلام ہو سکتا ہے محمد مصطفی کا نہیں۔ اسی طرح سے امام خمینی (رح)کے زمانے میں جو اسلام شاہ یا دوسروں کے ذریعہ پیش کیا جا رہا تھا وہ وہ اسلام نہیں تھا جو پیغمبر لائے تھے، امام خمینی (رح)نے دنیا کے سامنے اسلام کے حقیقی چہرے کو پہچنوایا، وہ یہی چاہتے تھے اللہ کی زمین پر الہی نظام قائم ہو اور آپ اپنے مقصد میں کامیاب رہے۔

 

آج دنیا میں جو مسلمانوں کے سامنے مشکلات درپیش ہیں ان کا حل امام خمینی (رح)کے تفکرات میں کس طرح سے تلاش کیا جا سکتا ہے؟

دیکھیں باتیں بہت ہوتی ہیں لیکن امام خمینی (رح)کا امتیاز یہ ہے کہ انہوں نے صرف بات نہیں کی بلکہ اس پر عمل کر کے دکھایا اور اگر آج امام خمینی (رح)کے افکار اور ان کے فرمودات پر عمل کیا جائے تو دنیا ایک بار پھر جنت بن جائیگی، اور صرف مسلمان نہیں بلکہ جس طرح سے پیغمبر اسلام رحمۃ للعالمین بن کر آئے تھے ان کے پیغام پر بھی عمل کیا جائے تو دنیا کا چہرہ بدل جائیگا کیوں کہ امام خمینی (رح)نے پیغمر کی سیرت کو عملہ جامہ پہنایا تھا اور آپ کی تقلید کرکے ایک بار پھر دنیا کو جنت بنایا جا سکتا ہے۔

 

انقلاب سے پہلے اور بعد کے ایران میں آپ کیا فرق دیکھتے ہیں؟

شاہ کے دور میں ملوکیت تھی اب جمہوریت ہے شاہ کے زمانے میں عیش و عشرت تھی عوام کی فکر نہیں تھی لیکن آج ویسا نہیں ہے آج حکومت عوام کے بارے میں بھی سوچتی ہے ان کے دین کا بھی حساب رکھتی ہے اور ان کی دنیاوی ترقی کے بارے میں بھی فکر کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ آج ایران ہر میدان میں دینا کے بڑے ممالک کے ساتھ کھڑا ہے اور آج یہ امام خمینی (رح)کے تفکرات کا ہی تنیجہ ہے کہ ایران تمام استکباری طاقتوں کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر کھڑا ہے۔

 

امام خمینی (رح)کے اتحاد بین المسلمین کے اجنڈے کے بارے میں آپ کیا کہیں گے؟

دیکھیں امام خمینی (رح)سے پہلے یہ بات پیغمبر اسلام نے اپنے آخری خطبے میں کہی تھی کہ مسلمان ایک ہو جائیں اور امام خمینی (رح)نے پیغمبر کے اس ارشاد کو صرف زبانی بیان نہیں کیا بلکہ اس پر عمل کر کے دکھایا انہوں نے مسلمانوں کو سکھایا کہ مذہبی اور فقہی اختلاف فکری اختلاف کا سبب نہ بنیں۔

 

امام خمینی (رح)کے بارے میں آپ ایک جملہ کیا کہیں گے؟

میں ان کے لئے علامہ اقبال کا یہی شعر پڑھوں گا

ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے

بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ رو پیدا۔

ای میل کریں