رہبر انقلاب اسلامی: جنگی قیدیوں کی آزادی اور وطن واپسی کے وقت امید کا ستارہ پھر سے روشن ہوا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: جیسا کہ ایک بار انقلاب اسلامی کی کامیابی میں امید کا ستارہ چمکا، ایک بار دفاع مقدس میں، ایک بار جنگی قیدیوں کی آزادی اور وطن واپسی کے وقت امید کا ستارہ روشن ہوا؛ اللہ تعالی کی مدد سے اسی طرح مسئلہ فلسطین کے افق پر بھی امید کا ستارہ روشن ہوگا؛ مقبوضہ فلسطینی سرزمین یقینی طور پر فلسطینیوں کو واپس مل جائےگی اور اسرائیل کی غاصب و صہیونی حکومت صفحہ روزگار سے محو ہوجائےگی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فلسطینی سرزمین پر صہیونیوں کے غاصبانہ قبضہ و تسلط کو حالیہ برسوں کی مشکلات کی اصلی وجہ قرار دیتے ہوئے فرمایا: اگر علاقہ میں یہ سازش وجود میں نہ آتی تو علاقہ میں منہ زور اور سامراجی طاقتوں کی طرف سے مسلط کردہ جنگیں اور اختلافات بھی وجود میں نہ آتے؛ عالم اسلام کو ان کی اس سازش اور فریب کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے۔
اسلامی تحریک کے آغاز سے ہی مسئلہ فلسطین پر امام خمینی (رہ) کی خصوصی توجہ اور تاکید تھی اور انقلاب اسلامی کی کامیابی نے مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کے سلسلے میں سامراجی طاقتوں کی کوششوں کو ایک تاریخی رکاوٹ سے دوچار کردیا ہے۔
مسئلہ فلسطین ہمارے لئے کوئی ٹیکنیکی مسئلہ نہیں بلکہ اس کی جڑیں ہمارے اعتقادات سے وابستہ ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سرافراز آزادگان کو ایمان کا ذخیرہ اور باز یافتہ گوہر قرار دیتے ہوئے فرمایا: قید اور اسارت کے مشکل دور نے ہمارے آزادگان کو درخشاں جواہرات اور چمکتے ہوئے موتیوں میں تبدیل کردیا ہے۔