بچوں سے رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب

بچوں سے رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب

حسینیہ امام خمینی رضوان اللہ علیہ میں "جشن تکلیف شرعی" منایا گیا۔

حسینیہ امام خمینی رضوان اللہ علیہ میں "جشن تکلیف شرعی" منایا گیا۔

سن تکلیف شرعی یا سن بلوغ کو پہنچنے والے بچوں کا جشن، بڑی اہم تقریب ہے۔ اس طرح اللہ سے ملنے والی اس نعمت کا انسان شکر بجا لاتا ہے۔ سن تکلیف شرعی تک پہنچنے کا مطلب یہ ہوتا ہےکہ عقلی و جسمانی اعتبار سے انسان اس مقام پر پہنچ گیا ہےکہ اللہ تعالی کے احکامات شرعیہ کا اطلاق اس پر ہونے لگا ہے اور وہ اللہ کے فرامین کی اطاعت کرنے والوں کے زمرے میں شامل ہو رہا ہے۔

اس جشن میں شریک بچوں نے آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی امامت میں نماز مغربین ادا کی جس کے بعد رہبر انقلاب اسلامی نے دو ہزار سے زائد اسٹوڈنٹس کے اجتماع سے خطاب کیا اور فرمایا: تکلیف شرعی کے جشن، لطف و توجہ پروردگار کی وادی میں قدم رکھنے کا نام ہے؛ یہ سعادت و کامرانی کی سمت رواں دواں ہونے کےلئے اللہ کی جانب سے معین کردہ  احکامات وصول کرنے کی اہلیت حاصل ہونے کا جشن ہے۔

آپ نے فرمایا: انسان، زندگی کے مختلف مراحل میں گوناگوں واقعات سے گزرتا ہے، ان واقعات کا شجاعانہ انداز میں سامنا کرنے اور دنیاوی افتخار اور ملکوتی وقار حاصل کرنے کےلئے روحانی بنیادوں کا مستحکم ہونا ضروری ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا: انفرادی اور اجتماعی ارتقاء کا راز اللہ سے رابطہ قائم رکھنا ہے اور آج مغرب کے زوال پذیر تمدن کی سب سے بڑی خامی اللہ سے رابطہ منقطع کر لیا جانا ہے۔ نماز اور تلاوت قرآن پاک، اللہ سے رابطے کا بہترین طریقہ ہے۔ اس حقیقت پر توجہ کہ نماز میں انسان کی گفتگو خدائے قادر سے ہوتی ہے، انسان کے اندر توکل، شجاعت اور خود اعتمادی کا  جذبہ پیدا کرے گی، لہذا آپ نماز کو اول وقت اور پوری توجہ سے پڑھئے اور قرآن نیز اس کے نورانی و رہنما معانی سے خود کو مانوس بنائیے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے سن تکالیف شرعیہ کو پہنچنے والے بچوں سے خطاب میں مطالعہ کرنے، خود کو زیور علم سے آراستہ کرنے اور جسمانی، فکری و روحانی سلامتی کو یقینی بنانے کی سفارش کی اور فرمایا: جسمانی صحت و سلامتی مناسب غذا اور ورزش سے حاصل کی جا سکتی ہے اور روحانی سلامتی اللہ پر توجہ مرکوز کرنے، نماز، دعا، توسل اور شہیدوں کو یاد کرنے سے حاصل ہو سکتی ہے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آخر میں فرمایا: میرے عزیزو! یہ ملک آپ کا ہے، آپ اس ملک کو چلانے والے اور اس کی تاریخ رقم کرنے والے بنیں گے، بنابریں موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے خود کو اس دن کےلئے آمادہ کیجئے۔

 

http://urdu.khamenei.ir/

ای میل کریں