امریکا پر ہرگز اعتماد نہ کیجئے!

امریکا پر ہرگز اعتماد نہ کیجئے!

رہبر انقلاب: کبھی بھی امریکیوں کی ریاکاری اور مسکراہٹوں کے فریب میں نہیں آنا چاہئے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے عراقی اسلامی سپریم کونسل کے سربراہ سید عمار حکیم اور دیگر ہمراہان سے ملاقات میں عراق کی شیعہ تنظیموں اور جماعتوں کی شمولیت سے اس مجلس کی تشکیل پر اظہار مسرت کیا اور اسے ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے فرمایا: اس اتحاد کی حفاظت کی جانی چاہئے اور اس کی بنیادوں کو تقویت پہنچانا چاہئے اور عراق کی مختلف قومیتوں اور جماعتوں کے ساتھ شفقت آمیز اور فراخدلانہ برتاؤ کیا جانا چاہئے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی موصل میں ملنے والی کامیابیوں کی تہنیت پیش کرتے ہوئے فرمایا: عراق میں شیعہ نیشنل الائنس میں شامل تمام جماعتوں، ارکان اور اس الائنس کے سربراہ کے دوش پر بہت سنگین ذمہ داری ہے اور  ان کے ہر فیصلے اور عمل کا عراق، علاقے اور اسلام پر اثر پڑےگا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کی حکومت کے اقدامات اور خاص طور پر رضاکار فورس حشد الشعبی کے ساتھ اس حکومت کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا: حشد الشعبی یا عوامی فورس عراق کے حال و مستقبل کےلئے بڑا عظیم سرمایہ ہے، اس کی حمایت کی جانی چاہئے اور اسے تقویت پہنچانا چاہئے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے نیشنل شیعہ الائنس کو ایک اہم سفارش یہ کی کہ ہرگز امریکیوں پر اعتماد نہ کیجئے اور مزید فرمایا: کبھی بھی امریکیوں کی ریاکاری اور مسکراہٹوں کے فریب میں نہیں آنا چاہئے۔

امریکا پر اعتماد نہ کرنے کے سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکی اپنے ظاہری دعوؤں کے برخلاف حقیقت میں تکفیری دہشت گردی کو ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، بلکہ ان کی کوشش یہ ہےکہ ان میں سے کچھ دہشت گرد ان کے آئندہ مقاصد کی تکمیل کےلئے بچے رہ جائیں۔

آپ نے فرمایا: عراق کی پیشرفت، اسلامی جمہوریہ ایران کے بھی فائدے میں ہے اور پہلے سے زیادہ ہم آہنگی سے دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچےگا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنی گفتگو کے آخری حصے میں اربعین حسینی(ع) کے زائرین کی عراق کے عوام اور عہدیداران کی جانب سے خدمات و پذیرائی کا شکریہ ادا کیا اور امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر زائرین کے پیدل سفر کو بڑا عظیم اور عدیم المثال عمل قرار دیا۔

 

http://urdu.khamenei.ir/

ای میل کریں