عوام کی امیدوں پر ٹھیس سے دشمنوں کو امید

عوام کی امیدوں پر ٹھیس سے دشمنوں کو امید

جو لوگ قومی امیدوں پر ٹھیس پہنچانے کی تک و دو میں مصروف ہیں، وہ گویا اس نظام کے دشمنوں کو امیدوار بنانے کےلئے راستہ ہموار کر رہے ہیں۔

جو لوگ قومی امیدوں پر ٹھیس پہنچانے کی تک و دو میں مصروف ہیں، وہ گویا اس نظام کے دشمنوں کو امیدوار بنانے کےلئے راستہ ہموار کر رہے ہیں۔

جماران کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین شیخ حسن روحانی اور ان کی کابینہ کے اراکین نے "ہفتہ اسلامی حکومت" کی آمد کے موقع پر رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی(رہ) کے مزار پر حاضر ہو کر فاتحہ خوانی اور تجدید عہد کیا۔ اس موقع پر صدر روحانی نے "ہفتہ اسلامی حکومت" کے آغاز کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: ہفتہ اسلامی حکومت کا آغاز امام خمینی کے مزار سے ہوا ہے اسی لئے ہم بھی اس ہفتے کی شروعات، امام کے عظیم  اہداف کے ساتھ عہد و پیمان سے ہی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا: امام خمینی نے اپنے شاگردوں کی ایک قلیل سی جماعت کی ہمراہی میں انقلاب اسلامی کی بنیاد رکھی اور اسی کے نتیجے میں انہیں مختلف ممالک میں مدتوں جلا وطنی کی زندگی گزارنا پڑی، تاہم انہوں نے رائے عامہ میں بڑی تبدیلی لاتے ہوئے عالمی سطح پر سامراج کے مقابلے میں بہت کم نقصان کے ساتھ بہترین طریقے سے ایک عظیم انقلاب کی سنگ بنیاد رکھ دی اور عوامی سطح پر اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دےکر انقلاب اسلامی کو کامیابی سے ہمکنار کردیا جس کے نتیجے میں عالمی استکبار اور صہیونیوں کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہوگیا۔

صدر مملکت نے مزید تاکید کرتے ہوئے کہا: امام خمینی علیہ الرحمہ کی جانب سے عالمی استکبار پر لگائے جانے والے کاری ضرب کی تاریخ  38 سال پرانی ہے مگر آج تک عالمی استکبار، اس کے درد  کو بھلائے نہیں۔ اسی لئے ان کے لہجے سے انتقام کی بو آتی ہے، کیونکہ عالمی استکبار اس بات سے بخوبی واقف ہےکہ امام خمینی نے اقوام عالم کے سامنے ایسے راستے کی نشاندہی کی ہے جس کے نتیجے میں بین الاقوامی سطح پر ان کے مفادات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

صدر روحانی نے کہا: قرآن اور اسلام سے متعلق امام خمینی[رح] نے جو تفسیر پیش کی ہے وہ اجتماعی عقل پرمبنی ہے جس کی روشنی میں رائے عامہ کا احترام اور عوامی ووٹ پر بھروسہ اس کا لازمی نتیجہ قرار پاتی ہے، اسی لئے آپ نے واضح طور پر فرمایا: "معیار، عوامی ووٹ ہے"

شیخ حسن روحانی نے مزید کہا: امام خمینی نے عوامی حاکمیت کے سائے میں انقلاب کو فروغ دیتے ہوئے آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دشوارتریں حالات میں اسلامی نظام کا بھر پور دفاع کیا۔ آج بھی قومی ارادے کے تحت حرکت کرنا، امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور آپ کے خلف صالح شاگرد، رہبر انقلاب اسلامی کے نقش قدم پر چلنے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا: جو لوگ قومی امیدوں پر ٹھیس پہنچانے کی تک و دو میں مصروف ہیں، وہ گویا اس نظام کے دشمنوں کو امیدوار بنانے کےلئے راستہ ہموار کر رہے ہیں۔ مجھے امید ہےکہ اس سال، ہم عوامی تعاون سے اتحاد اور امن کی فضا میں انقلاب کے بلند مقاصد تک رسائی کے ذریعے، امام اور شہداء کی ارواح کو خوش کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

روحانی نے اپنی گفتگو کے آخر میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: میں امام خمینی کے خاندان کی ہر فرد، خاص طور پر یادگار امام حجت الاسلام والمسلمین سید حسن خمینی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں ہر حال میں اپنی حمایت کے ذریعے انقلاب اور حکومت کی مدد کےلئے قدم اٹھایا ہے۔

ہم انشاء اللہ اس سال عوامی حمایت اور رہبر انقلاب کے ارشادات سے اپنے بلند مقاصد کے حصول کی جانب حرکت کرنے میں کامیاب ہوں گے۔


ماخذ: جماران خبررساں ویب سائٹ

ای میل کریں