امام خمینی نے ملکی نظام کی آئین سازی میں اسلام کے ساتھ جمہوریت پر بھی اعتماد کرتے ہوئے تاکید کی کہ ہمارا نظام "اسلامی جمہوریہ" ہے۔
صدر مملکت نے امام خمینی کی ستائیسویں برسی کی تقریب کے موقع پر « اسلامی انقلاب »، « اسلامی جمہوریہ » اور « رہبری اور ولایت فقیه » کو امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی تین عظیم یادگاروں کے عنوان سے یاد کرتے ہوئے تاکید کی کہ ملت ایران، امام خمینی کی ان تین عظیم یادگاروں نیز امام خمینی کے اہداف و مقاصد کی حفاظت اور دفاع کےلئے ہمیشہ متحد نظر آتی ہے۔
جماران رپورٹ کے مطابق، صدر مملکت حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر حسن روحانی نے حضرت امام خمینی کی ستائیسویں برسی کی تقریب کے موقع پر مزار امام میں ﮨﺰﺍﺭﻭﮞ افراد ﮐﮯ ﭘﺮﺟﻮﺵ ﻣﺠﻤﻊ ﺳﮯ ﺧﻄﺎﺏ کے دوران اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ "ہم سب کو امام خمینی کی عظیم یادگار، انقلاب اسلامی کی حفاظت کرنا چاہئے" کہا: ہمیں اسلامی انقلاب اور انقلابی ہونے پر فخر ہے لہذا اس کی حفاظت اور انقلاب کی مسلسل ارتقاء اور فروغ کےلئے ہر طرح کی کوشش جاری رکھیں گے۔
ڈاکٹر روحانی نے امام خمینی کی دوسری عظیم یادگار "اسلامی جمہوریہ" کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: امام خمینی نے ملکی نظام کی آئین سازی میں اسلام کے ساتھ جمہوریت پر بھی اعتماد کرتے ہوئے تاکید کی کہ ہمارا نظام "اسلامی جمہوریہ" ہے اور انتخابات میں لوگوں کی پرجوش شرکت نیز ملکی سالمیت اور انتظامی امور میں عوام کا کردار، بعثی حکومت کی مسلسل جارحیت کے باوجود جاری رہا۔
ڈاکٹر روحانی نے امام خمینی کی تیسری یادگار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: امام خمینی علیہ الرحمہ کی منصوبہ بندی کے نتیجے میں مجلس خبرگان رہبری کو امام خمینی کے ارتحال کے بعد رہبر کے انتخاب میں کوئی دقت پیش نہیں آئی اور مجلس خبرگان رہبری کے اراکین نے مختصر سی مدت میں حضرت آیت الله خامنه ای کو رہبر کے طور پر انتخاب کرتے ہوئے مشکل حالات میں لوگوں کو خوش کرنے میں کامیابی حاصل کی اور اس راستے کو بانی اسلامی جمہوریہ ایران، حضرت آیت اللہ العظمی امام خمینی نے ہی ہمارے لئے ہموار کیا اور اسی لئے "رہبری اور ولایت فقیہ" امام خمینی کی تیسری اہم میراث ہے جو آج ہمارے اختیار میں ہے۔
ماخذ: جماران خبررساں ویب سائٹ