یوم القدس، مستکبرین سے مستضعفین کے مقابلے کا دن

یوم القدس، مستکبرین سے مستضعفین کے مقابلے کا دن

میں یوم القدس کو یوم اسلام اور یوم رسول اکرم ﷺ سمجھتا ہوں/۔ یوم القدس میں قومیں ان حکومتوں کو جو خائن ہیں، الٹی میٹم دیں۔

میں یوم القدس کو یوم اسلام اور یوم رسول اکرم ﷺ سمجھتا ہوں/۔ یوم القدس میں قومیں ان حکومتوں کو جو خائن ہیں، الٹی میٹم دیں۔

بسم اﷲ الرحمن الرحیم

یوم القدس ایک عالمی دن ہے، ایسا دن نہیں ہے جو فقط قدس کے ساتھ خاص ہو، بلکہ مستکبرین کے ساتھ مستضعفین کے مقابلے کا دن ہے۔

امریکہ اور اس کے علاوہ دوسروں کے ظلم میں دبی ہوئی قوموں کے بڑی طاقتوں سے مقابلے کا دن ہے۔

ایسا دن ہےکہ جس دن مستضعفین، مستکبرین سے مقابلے کیلئے تیار ہوجائیں اور مستکبرین کی ناک خاک سے رگڑ دیں۔

یہ ایسا دن ہے جس دن منافقوں اور فرض شناسوں کے درمیان فرق ظاہر ہوجائےگا۔ فرض شناس (لوگ) اس دن کو یوم القدس جانتے ہیں اور جس چیز پر ان کو عمل کرنا چاہیے عمل کرتے ہیں، لیکن منافقین اور وہ لوگ جن کی پس پردہ بڑی طاقتوں کے ساتھ سازش اور اسرائیل کے ساتھ دوستی ہے، وہ اس دن سے لا تعلق رہتے ہیں یا قوموں کو مظاہرے نہیں کرنے دیتے۔

یوم القدس ایسا دن ہےکہ جس دن مستضعف قوموں کی تقدیر کا فیصلہ ہونا چاہیے۔ ضعیف قومیں  مستکبروں کے مقابلے میں  اپنے وجود کا اعلان کریں۔ جس طرح ایران نے قیام کیا ہے اور مستکبریں کی ناک کو خاک پر رگڑ دیا اور رگڑتا رہےگا۔ اسی طرح تمام قومیں قیام کریں اور فساد کے ان جرثوموں کو کوڑے کی ٹوکریوں میں پھینک دیں۔

یوم القدس ایسا روز ہے جس دن ایران میں سابق حکومت کے حامیوں اور اس فاسد حکومت کے اور بڑی طاقتوں کے سازشیوں کو اپنی حقیقت معلوم ہونی چاہیے۔

یہ ایسا روز ہےکہ آپ ہمت کریں اور ہم ہمت کرتے ہیں تاکہ قدس کو نجات دلائیں اور لبنانی بھائیوں  کو ان سختیوں سے چھٹکارا دلائیں۔

یہ ایسا روز ہے جس دن ہم تمام کمزور انسانوں کو مستکبرین کے چنگل سے باہر نکالیں۔

یہ ایسا روز ہےکہ تمام مسلمان معاشروں کو قیام کرنا چاہیے اور بڑی طاقتوں کو الٹی میٹم دینا چاہیے کہ ضعیف لوگوں سے اپنا تسلط ختم کریں اور اپنے ٹھکانوں پر چلے جائیں۔ اسرائیل جو انسانیت کا دشمن ہے، انسان کا دشمن ہے اور ہر روز فتنہ وفساد برپا کرتا ہے، جنوبی لبنان میں  ہمارے بھائیوں کا قتل عام کررہا ہے، اس کو معلوم ہونا چاہیے کہ اب دنیا میں اس کے آقاوؤں کا راج نہیں چلےگا۔ اب انہیں کنارہ کش ہونا ہی پڑےگا۔ ایران سے اپنی طمع ولالچ ختم کردیں۔ ان کا ہاتھ تمام اسلامی ممالک سے کٹ جانا چاہیے۔ تمام اسلامی ممالک میں اس کے آلہ کار حاکموں کو برطرف ہونا چاہیے۔

یوم القدس ایسے ہی مطالب کے اعلان کرنے کا دن ہے۔ اس بات کے اعلان کرنے کا دن ہےکہ شیاطین، اسلامی قوموں کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں اور بڑی طاقتوں کو میدان میں لانا چاہتے ہیں۔

یوم القدس ایسا روز ہے جو ان کی آرزوؤں کو نابود کردےگا اور ان کو الٹی میٹم دےگا کہ (اب) وہ دن گزر گئے ہیں۔

یوم القدس، یوم اسلام ہے۔

یوم القدس ایسا روز ہے جس دن اسلام کو زندہ کرنا چاہیے اور ہمیں اسلام کا احیا کرنا چاہیے۔ اسلامی ممالک میں اسلام کے قوانین نافذ ہونے چاہئیں۔

یوم القدس ایسا روز ہےکہ تمام بڑی طاقتوں کو آگاہ کردینا چاہیے کہ اسلام اب تمہارے خبیث آلہ کاروں کی وجہ سے تمہارے تسلط میں نہیں رہےگا۔

یوم القدس اسلام کی حیات کا دن ہے۔ مسلمانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ مسلمانوں کو اپنے پاس موجود وسائل کو علم ہونا چاہیے؛ مادی طاقت، معنوی وروحانی طاقت۔ مسلمان جن کی ایک ارب آبادی ہے، خدائی حمایت ان کے شامل حال ہے، اسلام ان کا پشت پناہ ہے، ایمان ان کا پشت پناہ ہے، انہیں  ڈر کس چیز کا ہے؟ دنیا کی حکومتوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اسلام کو شکست نہیں ہوسکتی۔ اسلام اور قرآن کی تعلیمات تمام ملکوں پر غالب آنی چاہئیں۔ دین، الٰہی دین ہونا چاہیے، خدا کا دین اسلام ہے۔ ہر جگہ اسلام کو آگے بڑھنا چاہیے۔

یوم القدس ایسی باتوں کے اعلان کرنے کا دن ہے۔ اس بات کے اعلان کرنے کا دن ہےکہ اے مسلمانو! پوری دنیا میں ترقی کیلئے آگے بڑھو۔

یوم القدس فقط فلسطین کا دن نہیں، اسلام کا دن ہے، اسلامی حکومت کا دن ہے۔ ایسا دن ہےکہ تمام ممالک میں اسلامی جمہوریہ کا پرچم بلند ہونا چاہیے۔ ایسا روز ہےکہ بڑی طاقتوں پر یہ واضح کردینا چاہیے کہ اب وہ اسلامی ممالک میں اپنا تسلط قائم نہیں کرسکتیں۔

میں یوم القدس کو یوم اسلام اور یوم رسول اکرم ﷺ سمجھتا ہوں۔

یہ ایسا دن ہےکہ ہمیں اپنی پوری قوت کے ساتھ آمادہ رہنا چاہیے اور انزوا وپسماندگی کا شکار بنائے گئے مسلمانوں کو اس سے باہر آنا چاہیے۔ وہ اپنی پوری طاقت کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی ہمارے ملک میں مداخلت کرے، مسلمانوں کو اس بات کی اجازت نہیں  دینی چاہیے کہ ان ممالک میں کوئی اور مداخلت کرے۔

یوم القدس میں قومیں ان حکومتوں کو جو خائن ہیں، الٹی میٹم دیں۔

یوم القدس ایسا دن ہےکہ جس دن ہم پہچان لیں گے کہ کون سے لوگ اور کون سی حکومتیں، بین الاقوامی سازش گروں کے ساتھ ہیں اور اسلام کے مخالف ہیں؟ وہ لوگ جو اس میں شریک نہیں ہیں فرض شناس اور اسلام کے موافق ہیں اسی کے ساتھ امریکہ، اسرائیل اور تمام اسلام دشمنوں کے مخالف بھی ہیں؛ اور وہ لوگ جو شریک ہوئے ہیں، اسلام کے مخالف اور اسرائیل کے ساتھ ہیں؟

یوم القدس حق وباطل کی پہچان، نیز حق وباطل کی جدائی کا دن ہے۔

میں خداوند تبارک وتعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ اسلام کو دنیا کے تمام طبقوں پر غلبہ دے۔ تمام مستکبرین پر مستضعفوں کو غلبہ دے۔

خداوند تبارک وتعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ فلسطین، جنوبی لبنان اور لبنان، بلکہ دنیا کے گوشے گوشے میں ہمارے بھائیوں کو مستکبرین اور لٹیروں سے نجات دے۔

والسلام علیٰ رسول ﷲ وعلیٰ ائمۃ المسلمین

 

ماخذ: فلسطین، ص۱۳۰؛ صحیفہ امام، ج۹، ص۲۷۶

ای میل کریں