جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے پرنسپل نے کہا کہ سفاک درندے اس ملت اسلامیہ کے مذہبی رہنما ہیں اور کرپٹ ترین لوگ اس ملت کے سیاسی لیڈر ہیں، جب ملت بیدار نہ ہو، ہوشیار نہ ہو، مقصد کو نہ پہچانتی ہو تو راستہ کھو دیتی ہے اور اپنے رہبر کو بھی گم کردیتی ہے۔
علامہ سید جواد نقوی نے کہا: امام خمینی(رہ) کا راستہ بیداری کا راستہ ہے۔ موجودہ حالت میں راستہ مشکل ہے اور اس راستے میں کامیابی کےلئے بیداری کی ضرورت ہے۔ بصیرت کی ضرورت ہے اور شجاعت کی ضرورت ہے۔
علامہ نقوی نے کہا: عوام میں بیداری نہ ہو تو زمانے کا امام(ع) بھی اکیلا ہو جاتا ہے۔ جب عوام میں بیداری نہ ہو تو امام علی(ع) کو حکومت سے جدا کردیا جاتا ہے۔ امام حسین(ع) کو شہید کیا جاتا ہے اور خاندان رسول(ص) کو اسیر کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: امام خمینی(رہ) بے شعور قوم کے ذریعے انقلاب نہیں لائے بلکہ امام خمینی(رہ) کا ساتھ دینے والی قوم باشعور تھی اور آج بھی وہ قوم اپنے رہبر کی اطاعت میں ہے۔
جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے پرنسپل علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ شیعہ، سنی کا دشمن نہیں ہے بلکہ دشمن نے ہماری غفلت سے فائدہ اٹھایا ہے کیونکہ ملت میں بیداری نہیں ہے۔ بیدار افراد دشمن کی سازشوں کو جانتے ہیں اور اس کے تدارک کےلئے عملی کام کرتے ہیں۔
ماخذ: اسلام ٹائمز سے اقتباس