مکتب امام خمینی کے مسلمہ اصولوں کا بار بار مطالعہ اس عظیم شخصیت کے بارے میں تحریف کی کوششوں کے سد باب کا واحد راستہ ہے۔
امام خمینی کے مکتب فکر کے اصول کا نچوڑ، رہبرمعظم آیت اللہ خامنہ ای کی زبانی:
حقیقی اسلام محمدی[ص] کا اثبات اور امریکی اسلام کی نفی؛
اللہ کے وعدوں کی صداقت پر اعتماد؛
مستکبرین کے سلسلے میں بے اعتمادی؛
عوام کی قوت ارادی و توانائیوں پر اعتماد؛
محروم طبقات کی بھرپور حمایت اور اشرافیت کلچر کی مخالفت؛
بین الاقوامی غنڈوں کی بغیر کسی خوف سے صریح مخالفت؛
قومی اتحاد ویکجہتی نیز خود مختاری پر تاکید۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا: "امام خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ ملت ایران کی تاریخ ساز تحریک کا مظہر ہیں، ان کی شخصیت کے بارے میں تحریف کی گئی تو اس تحریک کے تسلسل کو یقینا نقصان پہنچےگا، بنابرایں، ہوشیار رہنا چاہئے۔"
"امام خمینی کی صحیح اور غیر تحریف شدہ شناخت [سیاسی، فکری اور سماجی] کے بغیر اس نقشہ راہ پر آگے بڑھنے کا عمل جاری رکھ پانا ممکن نہیں ہوگا۔"
قائد نے امام خمینی کی شخصیت کو آیات قرآنی کے مفاہیم کی عملی تصویر قرار دیا اور فرمایا: خمینی نے اس سرزمین اور دنیائے اسلام کی تاریخ میں بے مثال تبدیلی لانے کےلئے بوسیدہ سلطنتی نظام کا خاتمہ کیا اور اسلام پر استوار پہلی حکومت کی تشکیل کی راہ میں جہاد فی سبیل اللہ کا حق ادا کیا۔
آپ نے فرمایا: "عظیم الشان ملت ایران ابھی اپنے اہداف کی تکمیل کی منزل سے کافی دور ہے لیکن اہم نکتہ یہ ہےکہ یہ قوم اور اس کے نوجوان جذبات، عزم و ہمت اور امید و نشاط کے ساتھ اس روشن راستے پر رواں دواں ہیں"۔
قائد انقلاب نے کہا: "امام خمینی کی شخصیت کے بارے میں تحریف در حقیقت ان کے راستے کی تحریف ہے اور اگر امام کا بتایا ہوا راستہ گم یا فراموش ہوا یا خدا نخواستہ تعمداً اسے نظر انداز کیا گیا تو ملت ایران چوٹ کھا جائےگی"۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا: "امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ مستکبر طاقتوں کے سامنے تو قطعیت کے مالک تھے لیکن اس کے ساتھ ہی اللہ تعالی اور خلق خدا کے سامنے نرمی دل اور محبت و الفت کا مظہر تھے۔"
قائد انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ عوام کے اندر امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی مقبولیت دائمی ہے، چنانچہ دشمن اس مقبولیت میں کوئی کمی نہیں لا سکا۔
آپ نے فرمایا: "القاعدہ اور داعش جیسی منحرف جماعتوں، بظاہر اسلامی مگر در حقیقت اسلامی فقہ و شریعت سے بیگانہ گروہوں کی امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے سرپرستی کی جا رہی ہے؛ جبکہ امام کے نقطہ نگاہ سے خالص اسلام، کتاب خدا اور سنت النبی پر استوار اسلام ہے۔
ماخذ: http://razavi.aqr.ir/