یادگار امام کی علمی صلاحیت  کسی تعارف کی محتاج نہیں

یادگار امام کی علمی صلاحیت کسی تعارف کی محتاج نہیں

امام راحل نے خدا کی رضا اور مذہب اہل بیت علیہم السلام کی ترویج و تبلیغ کےلئے ایک مشن کا آغاز کیا۔

آیت الله راستی کاشانی نے سید حسن خمینی کے مجلس خبرگان رہبری کے انتخابات میں شرکت سے متعلق حوزہ علمیہ قم کے ایک استاد کے بیان کے جواب میں کہا: سید حسن خمینی کی علمی، سیاسی اور اخلاقی شخصیت سب کےلئے واضح ہے، اس حوالے سے ان کی شخصیت کسی تعارف کا محتاج نہیں لہذا ان کی توثیق کےلئے مجھ سمیت کسی بھی فرد کے تصدیق کی ضرورت نہیں۔

آیت الله کاشانی نے کہا: میں اپنے استاد حضرت آیت الله العظمی امام خمینی قدس سره کے حق استادی کو نبھاتے ہوئے بعض حقایق کی جانب اشارہ کرنا چاہتا ہوں تاکہ استادی کا جو حق ہے وہ کسی حد تک ادا ہو سکے۔

امام راحل جو سید حسن کے دادا بھی ہیں، نے خدا کی رضا اور مذہب اہل بیت علیہم السلام کی ترویج و تبلیغ کےلئے ایک مشن کا آغاز کیا۔ امام خمینی جو ایک الہی انسان تھے، کی عظمت اور منزلت اور ان کی علمی شخصیت کے عظیم پہلو جس طرح سے ہمارے معاشرے کی حقیقت بن کر واضح ہونی چاہئے تھی، واضح نہیں ہوئی اور یقیناً اس لحاظ سے ہم سے امام راحل کا حق ادا نہ ہوسکا ۔۔۔

آیت الله راستی نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا: حاج سید حسن ذاتی کمالات کے مالک ہیں، میں نے ان کی علمی سرگرمیوں کا قریب سے مشاہدہ کیا ہے، موصوف اعلی سطح کی تدریس کے علاوہ کئی سالوں سے فقه واصول کے درس خارج کی تدریس میں بھی مصروف ہیں اور الحمدلله حوزہ علمیہ قم، اس وقت ان کی علمی سرگرمیوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے بہرہ مند ہو رہا ہے، بہت سے علمی مقالات کے علاوہ یادگار امام کی جانب سے تحریر کردہ کتابوں اور تقریرات کا مجموعہ بھی ان کی علمی توانائیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

راستی کاشانی نے فرمایا: حاج سیدحسن خمینی قوت استدلال اور استنباط کے لحاظ سے درجہ اجتہاد پر فائز ہیں، لہذا ان کا مجلس خبرگان رہبری کے انتخابات میں شرکت کرنا، مجلس خبرگان کےلئے تقویت کا باعث بنےگا۔

میں ہمیشہ ان کے حق میں دعاگو ہوں، اور مراجع عظام خاص کر رہبر معظم انقلاب کی ان پر خاص توجہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ حوزه علمیه قم سمیت اسلامی نظام، نیز ہمارا سماج ان کی قدردانی کرتے ہوئے ان کے وجود سے فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کرےگا۔

انہوں نے آخر میں یادگار امام کے حق میں دعا کرتے ہوئے کہا: خدا حسن آقا کو حضرت بقیة الله[عج] کی عنایتوں کے سائے میں اپنی حفظ و امان میں رکھیں، انشاء اللہ۔

انّه علی کل شیء قدیر، خدا ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔

 

ماخذ: انتخاب ویب سائٹ

ای میل کریں