یکم فروری بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی وطن واپسی اور گیارہ فروری اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مناسبت سے، تقریبات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں- جشن انقلاب کی دس روزہ تقرییات، اور بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (ره) کی ایران آمد کے تاریخ ساز دن کی مناسبت سے قائد انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے بده کی صبح امام خمینی (ره) کے مرقد پرحاضری دی اور فاتحہ پڑهی۔ قائد انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای، حزب جمہوری اسلامی کے عہدیداروں منجملہ شیہد آیت اللہ بہشتی نیز دیگر شہدا کی قبور پر بهی حاضر ہوئے اور فاتحہ خوانی کی- بعدا ازاں آپ نے بہشت زہرا جاکر شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی- بہشت زہرا اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران کے جنوب میں واقع ہے کہ جہاں اسلامی انقلاب اور عراق کی مسلط کردہ جنگ کے ہزاروں شہدا محو خواب ہیں- اسلامی جمہوریۂ ایران میں بارہ بهمن مطابق پہلی فروری سے بائیس بهمن مطابق گیارہ فروری تک اسلامی انقلاب کی کامیابی کا دس روزہ جشن منایا جاتاہے جسے ایرانی کیلینڈر میں "عشرۂ فجر" سے موسوم کیا گیا ہے۔