سوال: فرانس پریس کے نامہ نگار کو انٹرویو دیتے ہوئے آپ نے کہا ہے کہ شاہ کی حکومت کے بعد ایک انقلابی حکومت تشکیل پانی چاہیے اور یہ کہ آپ شاہ کی حکومت گرنے سے قبل ایران واپس نہیں جائیں گے۔ ایسا نظر آتا ہے کہ سنجابی جیسے سمجھوتہ کر لینے والے افراد اور شاہ کے درمیان مذاکرات نیز شاہ پر امریکی دباؤ کے نتیجے میں شاہ، ایران چھوڑ کر چلا جائے گا اور عبوری حکومت سمجھوتہ کرلینے والے افراد پرمشتمل ہوگی۔ تو کیا ایسی صورت میں آپ اس عبوری حکومت کو تسلیم کرلیں گے اور ایران واپس لوٹ جائیں گے؟
امام خمینی: ہمارے مطالبات میں جو چیز سرفہرست ہے اور پوری قوم جو چاہتی ہے وہ شاہ کی برطرفی ہے لیکن شاہ کی ذات کا مسئلہ نہیں ہے۔ ہم ہر اس حکومت کو جو عوام کی جانب سے نہ ہو اور سپرطاقت کے سہارے قائم ہو وہ سپرطاقت جو شاہ کو برسر اقتدار لائی تھی اور جس نے شاہ کا تحفظ کیا تھا، سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہیں اور اس کے بارے میں ہمارا سلوک وہی ہوگا جو ہم نے شاہ کے ساتھ کیا ہے اور کررہے ہیں ۔ میرا ایران واپس لوٹنا یا ایران سے باہر رہنا اس بات پر موقوف ہے کہ میں کہاں اپنی ملت کی زیادہ خدمت کرسکتا ہوں ۔
کوثر، ج ۲، ص ۳۲۲