سرزمین عراق کی عدلیہ کے سربراہ نے مرقد امام خمینی [س] میں موجود خصوصی نوٹ بک میں ،امام راحل کی راہ اسلام میں ثبات قدمی کو سراہتے ہوئے آپ کو ایران میں عملی آزادی محقق کرنے والی ذات کے عنوان سےمتعارف کرایا نیز موجودہ دور میں ملک ایران کو دیگر تمام آزادی طلب ممالک کے لئے نمونہ عمل قرار دیا۔ ملک عراق کی عدلیہ کے سربراہ جناب مدحت محمود نے ایران میں آنے والے اسلامی انقلاب کے موسس امام خمینی [رہ] کے مزار پر حاضری دے کر حرم امام خمینی [رہ] کی نوٹ بک میں اما م راحل کے سلسلہ میں چند نکات قلمبند فرمائے ۔ عراق کی عدلیہ کے سربراہ نے اپنی اس تحریر میں ذکر کیا کہ یہ ہمارے لئے ایک عظیم موقع اور فرصت تهی کہ ہم ایک ایسی عظیم اسلامی شخصیت کا احترام واکرام کریں جس کے سبب پوری دنیا میں اسلام کی عظمت ومنزلت پہچانی گئی ہے۔ مدحت محمود نے اضافہ کیا :آج ہمیں ایسا موقع ملا کہ ہم اس عظیم شخصیت کو خراج عقیدت پیش کریں جو اسلام کی سرفرازی وسربلندی کا سبب قرار پائی ۔ایک ایسی ذات اور شخصیت جس نے نہ فقط ایران بلکہ دنیا کے تمام آزادی خواہ ممالک میں اسلامی بیداری کی لہر دوڑائی۔ عراق کی عدلیہ کے سربراہ نے صراحت فرمائی:امام خمینی [رہ]اور اسلام کی راہ میں آپ کا ساته دینے والوں کا مقام بہشت بریں ہے۔ حرم امام خمینی [رہ]کے مسئول حسین قلیچ خانی سے مختصر گفتگو کے دوران مدحت محمود نے اظہار فرمایا:خود میں اور میرے احباب آج اس بات پر خوشی اور مسرت محسوس کر رہے ہیں کہ ہمیں آج امام خمینی [رہ] کی قبر پر حاضری دینے اور آپ کو خراج عقیدت پیش کرنے کی توفیق نصیب ہوئی۔امام خمینی[رہ]اس عظیم انسان کا نام ہے جو دنیا بهر کے آزادی خواہ افراد کے لئے آزادی کے پرچم دار اور علمبردار بنے۔ عراق کی عدلیہ کے سربراہ نے اپنی گفتگو کااختتام ایران اسلامی کے غیور باشندوں کے لئے دن دونی رات چوگنی توفیقات کی دعا پر کیا۔۔