رجب برکتوں کا مہینہ ہے:امام خمینی (رہ)
رجب ،شعبان اور رمضان المبارک کے ان تین مہینوں میں بے شمار برکتیں انسان کو نصیب ہوتی ہیں بشرطیکہ کوئی ان سے بہرہ مند ہو سکے ۔ البتہ ان سب چیزوں کی ابتداء پیغمبرص کی بعثت کا دن ہے یہ سب جہات بعثت کے بعد ہیں ۔ ماہ رجب میں بعثت کی عظیم تاریخ ،اور مولا علی علیہ السلام کی اور دوسرے اماموں کی ولادت ہے ۔ ماہ شعبان میں حضرت سید الشہداء سلام اللہ علیہ اور حضرت صاحب الزمان ارواحنا لہ الفداء کی ولادت ہے، اور ماہ رمضان المبارک میں قلب پیغمبر ص پر قرآن کا نزول ہے۔ ان تین مہینوں کی عظمت و شرافت زبان و بیان عقل و فکر میں نہیں سماتی، ان مہینوں کی برکتیں وہ دعائیں ہیں جو ان مہینوں میں وارد ہوئی ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای بھی فرماتے ہیں ماہ رجب ایک سنہری موقعہ ہے یہ دعا کا مہینہ ہے توسل کا مہینہ ہے توجہ کا مہینہ ہے استغفار کا مہینہ ہے کوئی شخص یہ نہ سوچے کہ مجھے استغفار کی ضرورت نہیں ہے ۔پیغمبر اکرم ص فرماتے ہیں ؛ انہ لیغان علی قلبی و انی لاستغفر اللہ فی کل یوم سبعین مرہ ، بلا شک پیغمبر ص بھی روزانہ ستر مرتبہ استغفار کیا کرتے تھے ۔ استغفار سب کے لیے ہے خاص طور سے ہمارے لیے کہ جو ان مادی تحرکات اور مادی دنیا میں غرق ہیں اور آلودہ ہیں … استغفار کا مہینہ ہے ۔انشاء اللہ اس موقعے کو غنیمت جانیں ،میں اس ماہ کی آمد پر آپ کو مبارک باد کہتا ہوں ،انشاءاللہ ہم پر اور آپ پر یہ مہینہ مبارک ہو اور جب ہم شعبان میں داخل ہوں تو ہم خدا کی توفیق سے کچھ کام کر چکے ہوں ۔