جھوٹ پر جھوٹ

جھوٹ پر جھوٹ

اسرائیلیوں نے الشفا ہسپتال سے دو انجینئروں کو گرفتار کر لیا ہے اور اس وقت بڑی تعداد میں اسرائیلی ٹینک الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے سامنے کھڑے ہیں

ترتیب و تنظیم: علی واحدی

 

امریکی نیٹ ورک CNN نے (جمعرات 16 نومبر) کو غزہ کے الشفاء ہسپتال پر اسرائیلی فوجیوں کے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہسپتال کے نیچے حماس کے کسی قسم کے سرنگ نیٹ ورک کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ صیہونیوں کا یہ پروپیگنڈہ جھوٹ تھا، جس میں  ہسپتال کے زیر زمین علاقے کو حماس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز کہا گیا تھا۔امریکی نیٹ ورک نے رپورٹ کیا ہے کہ "اس بات کا قطعی طور پر کوئی اشارہ نہیں ملا کہ اسرائیلی افواج نے زیر زمین چیمبروں میں کوئی کثیر سطحی سرنگ دریافت کی ہے۔

 

تقریباً تین ہفتے قبل صیہونی فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں جو نقشہ پیش کیا تھا، اس میں یہ دکھایا گیا تھا کہ ہسپتال کے نیچے والے حصے میں حماس کا مرکز ہے۔ تقریباً تین ہفتے قبل صہیونی فوج کے ترجمان نے ایسی ویڈیوز شائع کی تھیں، جن میں حماس کی سرنگوں کے کثیر سطحی نیٹ ورک کی موجودگی اور الشفاء اسپتال کو مزاحمتی عناصر کی جانب سے فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

 

اس خبر کو دوبارہ شائع کرتے ہوئے المیادین نیٹ ورک نے لکھا ہے کہ بدھ کی صبح (15 نومبر) صہیونی فوجیوں نے الشفاء اسپتال پر چھاپہ مارا، اس کے مختلف کمروں کی تلاشی لی اور اس اسپتال میں پناہ لینے والے طبی عملے اور فلسطینی پناہ گزینوں سے پوچھ گچھ کی اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے اسلحے کے علاوہ الشفا ہسپتال کے اندر حماس کی کارروائیوں کا کمانڈ سینٹر دریافت کیا ہے۔ تاہم غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البرش نے اسی دن کی شام اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ صہیونی افواج کو الشفا میڈیکل کمپلیکس میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے بعد میڈیکل کمپلیکس میں کوئی ہتھیار نہیں ملا۔ صیہونی حملے نے الشفاء میڈیکل کمپلیکس کو تباہ کر دیا اور اس کمپلیکس میں موجود آلات کو  بھی تباہ کر دیا۔

 

اسرائیلیوں نے الشفا ہسپتال سے دو انجینئروں کو گرفتار کر لیا ہے اور اس وقت بڑی تعداد میں اسرائیلی ٹینک الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے سامنے کھڑے ہیں۔ صیہونی حکومت کے فوجیوں کی بڑی تعداد الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے نیچے مزاحمتی فورسز کی سرنگوں اور ہتھیاروں کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے اس میڈیکل کمپلیکس میں اچانک اور غیر قانونی طور پر داخل ہوئی اور کئی گھنٹے کی پوچھ گچھ اور تلاشی کے بعد اس اسپتال سے کچھ برآمد نہ کرسکی۔ اسرائیلی اب بھی ایسی خبریں پھیلانے پر اصرار کر رہے ہیں، جو رائے عامہ کو گمراہ کرتی ہیں۔ وہ حقیقت کے آشکار ہونے کے باوجود ہسپتال کے حوالے سے اپنا دعویٰ واپس لینے کو تیار نہیں ہیں۔

ای میل کریں