سمندروں کی عظیم گنجائشوں اور مواقع سے استفادہ ملک میں ایک عمومی کلچر میں تبدیل ہوجائے

سمندروں کی عظیم گنجائشوں اور مواقع سے استفادہ ملک میں ایک عمومی کلچر میں تبدیل ہوجائے

اس ملاقات میں بحریہ کے کمانڈر جنرل شہرام ایرانی نے مختلف میدانوں میں بحریہ کے اقدامات اور پروگراموں کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح فورسز کے سپریم کمانڈر آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کی دوپہر کو اسلامی جمہوریہ ایران کی (فوجی کی) بحریہ کے کچھ کمانڈروں سے ملاقات میں زور دے کر کہا ہے کہ سمندروں کی عظیم گنجائشوں اور مواقع سے استفادہ، ملک میں ایک عمومی کلچر میں تبدیل ہو جانا چاہیے۔

 

28 نومبر کو یوم بحریہ کی مناسبت سے ہونے والی اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں اور دفاعی آلات میں ہمہ گير اضافے اور اسی طرح دور دراز کے سمندروں اور بین الاقوامی پانیوں میں جہازرانی جیسے اقدامات کو ضروری قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اور دیگر اداروں کے ساتھ مسلح فورسز کے رابطے کی تقویت، آپسی کو آرڈینیشن، تعاون اور کاموں میں پیشرفت میں معاون ثابت ہوگي۔

 

انھوں نے ایرانیوں کی جہازرانی کے درخشاں ماضی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، جو دنیا کے دیگر علاقوں تک اسلامی و ایرانی ثقافت اور اسلامی تمدن کے پہنچنے کا سبب بنی، کہا کہ اس ماضی اور ایران کے شمال اور خاص طور پر جنوب میں طویل ساحلوں کی موجودگی کے باوجود، ملک میں سمندر سے حاصل ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے کلچر کے سلسلے میں غفلت برتی گئي، اب اسے لوگوں کے عمومی کلچر میں تبدیل ہونا چاہیے۔

 

آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس سلسلے میں ماحول سازی اور ایک انفراسٹرکچر کی حیثیت سے سمندر کے بارے میں ایک عمومی شعور پیدا کیے جانے کو ضروری بتاتے ہوئے کہا: پچھلے کچھ برسوں میں مکران کے ساحلوں کی توسیع کی بات پیش کی گئي اور حکومتوں نے بھی اس کا خیر مقدم کیا لیکن اس معاملے میں سنجیدہ پیشرفت کے لیے ثقافت سازی کی ضرورت ہے۔

 

انھوں نے اینیمیشن سمیت فن و ہنر کے پروڈکٹس کو، سمندر کے گوناگوں مواقع کو پہچنوانے میں مؤثر بتاتے ہوئے کہا: آرٹسٹک پروڈکٹس کو استعمال کرتے ہوئے ملک کی سمندری پیشرفت کی گنجائشوں کو سامنے لانے سے، چاہے وہ فوجی میدان میں ہو یا تعمیراتی میدان میں ہو، اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے لوگوں کو ترغیب دلائی جا سکتی ہے۔

 

اس ملاقات میں بحریہ کے کمانڈر جنرل شہرام ایرانی نے مختلف میدانوں میں بحریہ کے اقدامات اور پروگراموں کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی۔

ای میل کریں