شہدائے سانحہ حرم شاہ چراغ کے جلوس جنازہ میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے
ایرانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق شہد ا کے جنازوں کو جلوس کے شکل میں، شہر کے مرکزی اسکوائر سے روضہ حضرت شاہ چراغ لایا گیا۔شہدا کے جلوس میں ہزاروں عام لوگوں کے علاوہ صوبے کے گورنر، ولی فقیہ کے نمائندے اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر کے علاوہ بڑی تعداد میں اعلی سول اور فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔
جلوس جنازہ میں شریک لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں شہیدوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
جلوس جناز ہ میں شریک لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے ملک کے حالیہ واقعات کو امریکہ، برطانیہ ، سعودی عرب اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ اورسازش کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے شیراز کے جلوس جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی عوام اسلامی نظام کے وفادار ہیں اور دشمن کا پروپیکنڈہ ، ابلاغیاتی شور شرابے سے زیادہ نہیں۔
ادہر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جاری فتنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جاری سازش امریکہ، انگلینڈ، سعودی عرب اور صیہونی حکومت کی مشترکہ پیدا کردہ ہے کیونکہ ان سب نے گزشتہ چار دہائیوں میں ایرانی عوام سے بہت بڑی شکست کھائی ہے۔
انہوں نے دفاع مقدس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب دشمن نےایرانی قوم پر جنگ تھونپی تو اس کے مقابلے کےلئے ہماری عوام میدان جنگ میں گئی،ہمارے جوانوں نے اپنے جسموں سے گولیوں کو روکا تاکہ وہ ایرانی سرزمین میں داخل نہ ہو سکیں، اس وقت دشمنوں اور امریکیوں کو ایک اور شکست ہوئی اور ثابت ہوگیا کہ امریکہ کوئی غلطی نہیں کرسکتا۔
جنرل سلامی نے کہا کہ جب دشمن نے خلیج فارس میں قدم رکھا اور ہم نے ان کے فوجیوں کو ذلیل کرکے گرفتار کرنے کے بعد رہا کیا تو اس وقت ثابت ہوا کہ امریکا کوئی غلطی نہیں کرسکتا۔
اربعین کے موقع پر آپ نے ثابت کیا ہے کہ ایرانیوں کا دل اور ذہن ہمیشہ امام حسینؑ کی صدا پر لبیک کہنے والا، ان کا دل علوی اور ملت کے پیکر میں امام حسینؑ کی روح دوڑ رہی ہے، اس مرتبہ پھر امریکا نے شکست کھائی ہے۔
سپاہ پاسداران کے کمانڈر نے کہا کہ جب امریکا نے ایرانی قوم پر پابندیاں عائد کیں اور درآمدات و برآمدات کی اجازت نہ دی تو عوام نے اس کا جواب دیا۔ ہم نے ان کے ڈرون کو نشانہ بنایا اور وہ کچھ نہ کرسکے، دوبارہ ثابت ہوگیا کہ امریکہ کچھ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے جنرل قاسم سلیمانی کو بزدلانہ طور پر عراق میں شہید کیا، ہم نے امریکی فوجی چھاؤنی کو نشانہ بنایا اور وہ جواب نہ دے سکے اور ثابت ہوگیا کہ امریکہ کوئی غلطی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جب غاصب صیہونی اور سعودی حکومت یمن کی جنگ سے تھک کر شکست کھا گئے، عراق میں حکومت کی تشکیل میں شکست کھا گئے، لبنان اور شام میں ان کو شکست ہوئی اور انہوں نے ایران کا سیاسی اور معنوی اثر و رسوخ دیکھا تو انہیں پتہ چلا کہ وہ ایرانی قوم پر غالب نہیں آ سکتے، ان پے در پے شکستوں کے بعد انہوں نے اس ملک کے جوانوں کو نقصان پہنچانے کا سوچا۔
جنرل سلامی نے دشمن کے میڈیا سے فریب کھائے جوانوں سے کہا کہ کیا تمہیں معلوم ہے کہ امریکہ کی تمہارے لئے کیا خواہش ہے؟ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کو شکست نہیں دے سکتے، اس کی صرف ایک صورت ہے اور وہ خود اس ملک کے جوانون کے ذریعے سے ہے۔وہ کہتے ہیں کہ ایران ،اس کے اسلامی اہداف اور اس کے عظیم اہداف پر غلبہ پانا صرف اس کے جوانوں پر غلبہ پانے سے ممکن ہے۔امریکی خواب یہ ہے کہ صرف ہمارے جوان مارے جائیں،ان کےلئے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مرنے والا کون ہے، وہ انقلابی جوان ہے یا شورشی، وہ صرف جوانوں کو مردہ دیکھنا چاہتے ہیں، وہ ملکی یونیورسٹیوں اور اسکولوں کو بند دیکھنے کے خواہش مند ہیں، آپ جان لیں کہ وہ آپ کےلئے کوئی اچھا نہیں سوچتے۔