ترتیب و تحریر: آغا زمانی
تاقیامت قطع استبداد کرد
موج خونِ او چمن ایجاد کرد (ڈاکٹر علامہ محمد اقبال)
ترجمہ: "امام حسین (ع) نے قیامت تک کے لیے استبداد کی جڑ کاٹ دی اور اس کی موج سے ایک نیا چمن پیدا ہوا۔" اے اللہ ہم محمد و آلِ محمد علیہم السلام کا واسطہ دے کر تیری بارگاہ میں دعا کرتے ہیں: ایامِ سوگواری فرزندِ رسول، سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام میں ہماری گریہ و زاری، عزاداری و مجالس کو ہمارے قلوب کی پاکیزگی اور کردار کی بہتری کا باعث قرار دے۔ ہمیں تعلیماتِ قرآن و اہلبیت کو صحیح معانی میں سمجھ کر ان پر عمل کی توفیق عطا فرما۔ ہمیں مقصدِ امام حسین کو سمجھنے کی، آپ کے مقاصد پر عمل کرنے کی اور ان مقاصد کو معاشرے میں زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرما۔
قیامِ عاشورا کے دوران جس طرح امام حسین کے خاندان والوں اور ساتھیوں نے آپ کا ہر لمحہ ساتھ دیا، آپ کو ہرگز تنہاء نہ چھوڑا اور مقصدِ امام حسین کی خاطر اپنی جانیں تک لٹا دیں، اے اللہ: ہمیں بھی امام حسین کے خاندان والوں اور باوفا اصحاب جیسا جذبہ عطا فرما۔ عاشور کے دن کربلا کے میدان میں نو(۹) ایسی بیبیاں بھی موجود تھیں، جنہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے فرزندوں کو شہید ہوتے دیکھا، اے اللہ ہماری ماؤں کو بھی قربانی پیش کرنے کا اور استقامت کا ایسا ہی جذبہ عطا فرما۔
معرکہ کربلا کے موقعہ پر بہن نے اپنے بیٹے بھائی پر قربان کئے، بھائیوں نے امام حسین پر جان نچھاور کی، بھتیجے قربان ہوئے، حتیٰ بیٹے بھی امام حسین کے مقصد کی خاطر میدانِ جنگ میں بہادری کے جوہر دکھا کر شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے، یہ تمام عزیزوں کی قربانیاں اس لیے پیش نہیں کی گئی تھیں کہ امام حسین کسی کے بھائی تھے، چچا تھے یا باپ تھے، یہ قربانیاں اس لیے پیش کی گئی تھیں، کیونکہ آپ فرزندِ رسول اللہ تھے، آپ امامِ وقت تھے، سب پر آپ کا الہیٰ ہدف و مقصد واضح تھا، اے اللہ: ہمیں بھی امام حسین کے اہداف و مقاصد کو درک کرنے اور آپ کے الہیٰ مقصد پر قربان ہونے کی توفیق عطا فرما۔
جب فرزندِ رسول امام حسین (ع) مدینہ سے نکل رہے تھے تو آپ نے فرمایا "میں اپنے نانا رسول اللہ (ص) کی اُمّت کی اصلاح کے لیے نکل رہا ہوں۔" اے اللہ: ہمیں بھی اپنی اصلاح کی توفیق عطا فرما۔ آپ کا مشہور قول یہ بھی ہے کہ "مجھ (حسین) جیسا، یزید جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا۔" اے اللہ ہمیں بھی اپنے کردار کو حُسینی بنانے کی توفیق عطا فرما اور یزید (لعنتی) جیسوں کے ہاتھ میں ہاتھ نہ ڈالنے کی بصیرت عطا فرما۔ آمین