اسلام ٹائمز۔ حوزہ علمیہ قم کے مدرسہ حجتیہ کے شہید مطہری ہال میں حسن رضا نقوی کی کتاب مکتبِ سلیمانی کی آیت اللہ تلخابی (رکن مجلس خبرگان) کے دستِ مبارک سے تقریب رونمائی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق تشکل امام خامنہ ای کی طرف سے انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ اور کتاب مکتب سلیمانی کی رونمائی کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ مولانا حسن فاطمی نے کتاب کی اہمیت اور قوموں کی ترقی میں مطالعے اور مصنفین کے کردار پر مفصل گفتگو کی۔ کتاب کے مصنف حسن رضا نقوی نے کتاب کے مختلف ابواب کے تعارف اور شہید قاسم سلیمانی کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ پچاس سالوں میں غیر علماء میں سے شاید ہی کوئی ایسی شخصیت ہو، جس نے شہید قاسم سلیمانی جتنی اسلام و مکتبِ تشیع کی خدمت کی ہو۔
سینیئر سیاسی تجزیہ کار ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے کتاب مکتبِ سلیمانی کو شہید قاسم سلیمانی کے شخصیت کو جاننے کے لئے معتبر کتاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ کتاب کے مصنف نے شہید قاسم سلیمانی کی شخصیت کو بہت خوبصورتی کے ساتھ اجاگر کیا ہے۔ ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے شہید ڈاکٹر مصطفیٰ چمران، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور شہید قاسم سلیمانی کو ہم مشرب قرار دیتے ہوئے مذکورہ شخصیات کو موجودہ نسل کے لئے نمونہ قرار دیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید قاسم سلیمانی کی طرح میدان میں حاضر رہ کر ہی قوم و ملت کی خدمت کی جا سکتی ہے۔ پروگرام کے اختتام پر آیت اللہ تلخابی (ایران کے رہبر کا انتخاب کرنے والی سپریم کونسل(مجلس خبرگان) کے رکن) نے انقلاب اسلامی کی سالگرہ اور شہید قاسم سلیمانی کے اخلاص، مجاہدت، ہر دلعزیز شخصیت اور جدوجہد پر مفصل گفتگو کی۔
آیت اللہ تلخابی کا کہنا تھا کہ رہبر کبیر امام خمینی، رہبر معظم امام سید علی خامنه ای اور شہید قاسم سلیمانی کی شخصیت کا گہرا مطالعہ کرنے کی نصیحت کرتا ہوں، جس سے نئی نسل کو علم و عمل کے نئے باب کھلتے نظر آئیں گے۔ آخر میں آیت اللہ تلخابی، ڈاکٹر راشد عباس نقوی، کتاب کے مصنف حسن رضا نقوی (پی ایچ ڈی اسکالر تہران یونیورسٹی) اور حوزہ علمیہ قم کے علماء، طلاب اور جامعۃ المصطفیٰ کے مسئولین کی موجودگی میں کتاب مکتبِ سلیمانی کی رونمائی کی گئی۔