حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام و المسلمین حبیب اللہ شعبانی نے گذشتہ رات صوبہ ہمدان میں انقلاب اسلامی کے سابقہ خدمت گذار فوجیوں کے تیسرے اجتماع میں "ایام اللہ دہہ فجر" کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: یہ ایام ملکی تاریخ کے مطالعہ اور انقلاب سے پہلے اور بعد کے حالات و ادوار پر نظر ڈالنے کے لئے بہترین فرصت ہیں۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے وجودِ مبارک کی وجہ سے انقلابِ اسلامی نے معاشرے میں ایک عظیم تبدیلی کو جنم دیا، کہا: شاہ کی ظالمانہ حکومت میں قوم کے عدمِ تعاون نے اس کی شکست کی راہ ہموار کی لیکن دوسری جانب ایرانی عوام کا حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ تعاون اور ان پر اعتماد انقلابِ اسلامی کی فتح کا باعث بنا۔
ہمدان کے امام جمعہ نے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ پہلوی دور کے سسٹم سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ان کے سماجی اور اخلاقی مسائل کے باوجود انقلابِ اسلامی کا مبارز اور مجاہد بنانے میں کامیاب ہوئے اور ان کے اپنے بقول یہ چیز غیبی مدد کے بغیر ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے انقلابِ اسلامی کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: لوگ اپنی پوری طاقت کے ساتھ میدان میں آئے اور اپنی جان و مال کی قربانیاں دے کر اور جلاوطنی اور قید و بند جیسی سختیوں کو برداشت کرتے ہوئے اپنی تقدیر کو خود سنوارنے اور معاشرہ میں قوانینِ الہی کو قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے اسلامی نظام کی حمایت اور حفاظت پر تاکید کرتے ہوئے کہا: اسلامی جمہوریہ کے عوام نے گزشتہ 43 سالوں میں متعدد بار ثابت کیا ہے کہ وہ انقلاب کے حامی تھے، ہیں اور رہیں گے اور وہ اپنے نظریات اور اہداف سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس تقریب کے اختتام پر متعدد سابق فوجیوں اور شہداء کے اہل خانہ کو اعزازات سے بھی نوازا گیا۔