حضرت امام علی رضا (ع) کی زیارت کا مخصوص دن
حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آستان قدس رضوی کے ادارہ تبلیغات اسلامی نے اس دن کی مناسبت سے متعدد پروگراموں کا اہتمام کیا۔ یہ پروگرام اتوار کی صبح سے شروع کئے گئے تھے ۔ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے حفظان صحت کے اصولوں اور ایس او پیز پر عملدرامد کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اتنظامات کئے گئے۔
زیارت کے مخصوص دن کی مناسبت سے صحن پیغمبر اعظم(ص)، رواق امام خمینیؒ، مسجد گوہر شاد، صحن جمہوری اسلامی اور صحن امام حسن مجتبیؑ میں مختلف اور متعدد پروگرامز منعقد کئے گئے اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔
صحن پیغمبر اعظم(ص) کے پروگراموں کا سلسلہ صبح 4 بجے سے زیارت جامعہ کبیرہ کی قرائت کے ساتھ شروع کیا گیا زیارت جامعہ کبیرہ کی قرائت ذاکر اہلبیت سعید حدادیان نے کی، ظہرین کی نماز حجت الاسلام والمسلمین راشد یزدی کی امامت میں ادا کی گئی جس کے بعد حاج علی برادران نے زائرین کے ساتھ مل کر زیارت امین اللہ کی قرائت کی ۔ صحن جمہوری اسلامی کے پروگرام شام 7:40 پر شروع ہوئے جن میں حجت الاسلام والمسلمین اسلامی فر نےخطاب کیا ۔
حرم مطہر رضوی کے ادارہ خدمات زائرین کے سربراہ نے بتایا کہ حرم مطہر رضوی کے صحنوں میں سیاہ بینرز اور پردے نصب کئے گئے اس کے علاوہ 23 ذیقعدہ کی نماز صبح کے وقت مسجد گوہر شاد اور رواق امام خمینیؒ میں زائرین کے درمیان 6 ہزار ناشتہ کے پیکٹس تقسیم کئے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ غریب اور کم آمدنی والے لوگوں کو ’’یامعین الضعفاء‘‘ پروگرام کے تحت پہلی بار دور دراز کے علاقوں سے حرم مطہر رضوی کی زیارت کرائی گئی۔
یہ زائرین صحن انقلاب میں نصب شفا والی جالی کی جگہ پر زیارت کرنے کے بعد رواق کوثرگئے جہاں پر ایس او پیز کی مکمل رعایت کے ساتھ خصوصی پروگرام میں شرکت کی اور آخر میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے دستر خوان کی متبرک غذا سے بھی مستفیض ہوئے ۔
حرم مطہر رضوی کے ادارہ خدمات زائرین کے سربراہ نے بتایا کہ اس دن زائرین کی بہتر انداز میں میزبانی کے لئے خادموں کی تعداد میں اضافہ کردیا گيا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بعنوان مثال ویلچیئر کے شعبہ میں خادموں کی تعداد دو برابر بڑھا دی گئی اور اسی طرح زائرین کے استعمال میں آنے والی اشیاء جیسے سجدہ گاہ، سینیٹائزر، ماسک، ڈسپوزل گلاس، ہینڈ واش وغیرہ کو بھی زائرین کی ضرورت کے مطابق بڑھا دیا گیا تاکہ حفظان صحت اور ایس او پیز کے اصولوں پر بہترین انداز میں پابندی ہوسکے۔