راہ فلسطین میں اتحاد و وحدت ایک بنیادی مسئلہ، امام جمعہ بیروت
حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنانی شیعہ عالم دین اور امام جمعہ بیروت حجۃ الاسلام سید علی فضل اللہ نے تحریک اسلامی حماس کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران، سخت سیاسی اور صحت کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے لبنانی اور فلسطینی عوام کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطینی گروپوں کے درمیان اتحاد و وحدت،دشمن سے مقابلہ کرنے میں ایک بنیادی مسئلہ ہے
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ہمیں مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے کیلئے،صہیونی دشمن کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لائے جانے کے خلاف کوشش کرنی چاہئے ، مزید کہا کہ فلسطینیوں کے تمام شعبوں اور گروہوں کے درمیان اتحاد و وحدت،دشمن کا سامنا کرنے کے عمل میں ایک بنیادی مسئلہ ہے۔
امام جمعہ بیروت نے عرب اور اسلامی ممالک میں محاصرہ اور مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جانے کیلئے تیار کئے جانے والے منصوبوں کے خلاف خبردار کیا اور کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد،اہم اور عظیم مسائل کو بھولا کر لوگوں کو اپنی ذاتی ضروریات میں مصروف رکھنے کی سازش ہے۔
حجۃ الاسلام فضل اللہ نے اس مشکل اور پیچیدہ مرحلے سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی،مذہبی اور سماجی جماعتوں کے درمیان اتحاد و وحدت کا مطالبہ کیا۔
لبنان میں تحریک اسلامی حماس کے نمائندے احمد عبد الہادی نے، آیۃ اللہ سید محمد حسین فضل اللہ کے خاندان سے تحریک اسلامی حماس کی طرف سے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیۃ اللہ فضل اللہ فلسطین اور مقدسات اسلامی کی حمایت میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات میں سے ایک تھے۔
امید ہے کہ انتخابات، فلسطینیوں کے اتحاد و وحدت اور داخلی تنازعات کے حل کیلئے مؤثر ثابت ہوں
انہوں نے فلسطینی انتخابات، جو اگلے مہینے کی 20تاریخ کو کرائے جائیں گے،کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ انتخابات، فلسطینیوں کے اتحاد و وحدت اور داخلی تنازعات کے حل اور یہودی آباد کاری کے منصوبوں کے خلاف مؤثر ثابت ہوں گے۔
تحریک اسلامی حماس کے نمائندے نے لبنان اور فلسطینیوں کی موجودہ صورتحال اور ان کی تکلیف کا تذکرہ کرتے ہوئے ملت لبنان اور ملت فلسطین کے درمیان یکجہتی اور تعاون بڑھانےکو ضروری قرار دیا۔